132 ارب مالیت کے 16 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

12 منصوبوں کا تعلق توانائی کے شعبے سے ہے،کچی کینال پروجیکٹ کی منظوری موخر


Numainda Express August 29, 2013
12 منصوبوں کا تعلق توانائی کے شعبے سے ہے،کچی کینال پروجیکٹ کی منظوری موخر. فوٹو : فائل

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک) نے کوٹوہائیڈرو پاور پروجیکٹ سمیت 132 ارب روپے سے زائد مالیت کے 16 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

ایکنک کا اجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد وزارت خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایکنک کی طرف سے منظور کردہ منصوبوں میں 96 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کے 12 منصوبوں کا تعلق توانائی کے شعبہ سے ہے۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے لیے 9 ارب 82 کروڑ روپے مالیت کے 2 منصوبے، بلوچستان کے لیے 9.73 ارب روپے مالیت کا ایک منصوبہ، سندھ کے لیے 41.39 ارب روپے مالیت کے 3 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔



جبکہ پنجاب کے لیے 43.6 ارب روپے مالیت کے 7 منصوبوں، آزاد کشمیر کے لیے22.58 ارب روپے مالیت کا ایک منصوبہ، اسلام آباد کے لیے 2.63 ارب روپے مالیت کے ایک منصوبے اور جنوبی پنجاب کے لیے 11.82ارب روپے کے ایک منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔