علمانے فوج بلانے کے الطاف حسین کے مطالبے کی حمایت کردی
الطاف حسین کامطالبہ جائز ہے، ہم تو 8سال سے فوج بلانے کامطالبہ کررہے ہیں،مفتی نعیم
ISLAMABAD:
ملک کے نامورعلمائے کرام نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کے شہر قائدکو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبہ کی بھرپورحمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شہرمیں بیگناہو ںکاقتل عام،بھتہ خوری اوربدامنی عروج پرہے۔
عوام کوجمہوریت یافوجی آمریت سے کوئی سروکارنہیں وہ اپنے جان ومال کاتحفظ چاہتے ہیں جس میں صوبائی حکومت اورقانون نافذکرنے والے ادارے نامعلوم مصلحتوں کا شکاراوریکسرناکام ہیں جبکہ دوسری طرف وفاقی حکومت نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیارکی ہوئی ہے،اس صورتحال میںپاک فوج ہی باقی بچی ہے جس سے عوام جان ومال کے تحفظ کی اپیل کرتے ہیں اور پاک فوج ہی مظلوم عوام کے دکھوں کی دادرسی کر سکتی ہے۔جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم،مولاناعبدالحمید ،مولاناغلام رسول، مولانا یار محمد ربانی، مفتی عبداللہ شوکت ،مولانا مسعودبیگ، مفتی سیف اللہ جمیل ، مولانا انصرمحمود، مولانافصیح احمد سمیت دیگرعلماکرام نے بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری مشترکہ بیان میں کہاکہ وفاقی حکومت کی خاموشی کی وجہ سے کراچی کے حالات دن بدن بدترہوتے جارہے ہیں۔

دہشت گردی کے واقعات میں تسلسل سے بیگناہوں کاقتل عام کراچی کامعمول بن چکاہے جب تک حکومت تمام مصلحتوں کوبالائے طاق رکھ کرٹھوس اقدامات نہیں کرتی اس وقت تک شہر قائدمیں مظلوم عوام کے قتل عام کا سلسلہ نہیں رک سکتا،حکمرانوں کی مصلحتوں اور ان کی خاموشی کی وجہ سے شہرقائد غریب عوام کاقبرستان بن کر رہ گیاہے،ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری بدامنی اغواہ برائے تاوان اور ڈکیٹیوں کی وجہ سے عوام کی زندگیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ہم گزشتہ 8سال سے شہرقائدمیںجاری قتل عام کے باعث شہرکوفوج کے حوالے کرنے کامطالبہ کررہے ہیں،الطاف حسین کامطالبہ صحیح ہے اورشہرقائدکے تمام طبقہ فکرکے لوگ اس کی حمایت کرتے ہیں۔
سیاسی جماعتیں تنقیدبرائے تنقیداور اپنی سیاست چمکانے کیلئے الطاف حسین پرتنقیدنہ کریں اگران لوگوںکوسیاست کرنے کااتناہی شوق ہے تواپنی توانائیاں عوام کے فلاح وبہبود اورجان ومال کے تحفظ میں خرچ کریں،کراچی کے عوام کو انتخابات کے بعد امید تھی کہ نئی آنے والی نوازشریف کی حکومت کراچی کی رونقوں کو بحال کرکے عوام کی دادرسی کرے گی مگر افسوس حکومت آئے ہوئے 3ماہ سے زائدکاعرصہ گزر چکامگر سوائے بیان بازی کے کچھ نہ کرسکی،حکمرانوں نے کراچی کی عوام کومایوس کردیاہے،عوام کوجمہوریت یافوجی حکومت سے کوئی سروکارنہیں،وہ دہشت گردوں اوربھتہ خوروں سے جان چھڑاناچاہتے ہیں اورجان ومال کاتحفظ چاہتے ہیں۔