اگلی 2 ’’ہوم سیریز‘‘ کے نشریاتی حقوق کا فیصلہ آج ہوگا

کمیٹی کے رکن احسان مانی کا تمام عمل کے شفاف اور اپنا دامن صاف ہونے پر اصرار


Saleem Khaliq August 30, 2013
کمیٹی کے رکن احسان مانی کا تمام عمل کے شفاف اور اپنا دامن صاف ہونے پر اصرار۔ فوٹو: فائل

اگلی 2 ''ہوم سیریز'' کے نشریاتی حقوق کا فیصلہ جمعے کو ہوگا، ٹینڈرز تمام خواہشمند اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں کھولے جائیں گے، بنیادی قیمت سے کم رقم ملنے کی صورت میں دوبارہ پیشکش طلب ہوں گی۔

دوسری جانب کمیٹی میں شامل احسان مانی اس تمام عمل کے شفاف اور اپنا دامن صاف ہونے پر اصرار کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا ٹین اسپورٹس سے 140.5 ملین ڈالرز کے عوض 5 سالہ معاہدہ چند روز قبل ختم ہوا، اس کے بعد خاموشی چھا گئی، اچانک چند روز قبل پی سی بی جاگا اور یو اے ای میں پاکستان کی جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے سیریز کیلیے پیشکشیں طلب کیں، نگراں چیئرمین نجم سیٹھی کا ٹی وی چینل بھی اس دوڑ میں شامل ہے، اس لیے ان پر انگلیاں اٹھائی گئیں، تنقید سے بچنے کیلیے وہ چھٹیوں پر انگلینڈ چلے گئے ہیں، ٹینڈرز کی دستاویزات لینے کی آخری تاریخ 19 اگست تھی۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 سے 8 اداروں نے انھیں حاصل کیا تھا، اب جمعے کی صبح 10 بجے تک ٹینڈرز جمع کرائے جا سکتے ہیں، اس کے بعد تمام بڈرز کی موجودگی میں باکس کو کھولا جائے گا، سب سے زیادہ رقم کی پیشکش کرنے والے ادارے کو نشریاتی حقوق مل جائیں گے، اس حوالے سے پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے تکنیکی پھر مالی معاملات کو دیکھیں گے، اگر بنیادی قیمت سے کم کی آفر ہوئی تو پھر دوبارہ بڈنگ کرائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب نمائندہ ''ایکسپریس'' کے رابطہ کرنے پر نشریاتی حقوق کے عمل میں شریک احسان مانی نے تفصیلات بتانے سے معذرت کر لی، البتہ انھوں نے نجم سیٹھی کی صفائیاں پیش کرتے ہوئے اصرار کیا کہ اس معاملے سے ان کا تعلق نہیں ہے، سابق آئی سی سی صدر نے اپنے حوالے سے جاری تحقیقات کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔

مقبول خبریں