حکمرانوں پر لازم ہے عدالتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں نواز شریف

قانون کی حکمرانی سے ہی جمہوریت، پارلیمنٹ اوردیگرادارے مضبوط ہونگے


Numainda Express August 28, 2012
عدلیہ کیخلاف پہلے بھی سازشیں ہوئیں اورآئندہ بھی ہوسکتی ہیں، قانون کی حکمرانی سے ہی جمہوریت، پارلیمنٹ اوردیگرادارے مضبوط ہونگے ۔ فوٹو: اے ایف پی

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمدنوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عدلیہ کی مکمل آزادی اورقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ (ن) ذاتی مفادات کے بجائے پاکستان اورقوم کے مفاد کوسامنے رکھ کرفیصلے کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفدجس کی قیادت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یاسین آزاد کر رہے تھے، سے گفتگو کے دورا ن کیا، انھوںنے کہاکہ وہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جدوجہدمیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کی مضبوطی اوراستحکام کیلیے بلوچستان میں پایاجانے والا احساس محرومی جلد ختم کرنا ہو گا۔

ججوں کی تقرری کے طریقہ کار کو شفاف اور موثر بنانے کیلیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اپنی تجاویز دے ،انہوں نے کہا کہ ہم شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پریقین رکھتے ہیں اوراس معاملے میںکسی قسم کی ذاتی پسند اور نا پسند سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں فیصلے کرناہوںگے، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ہرصورت عدلیہ کی آزادی کو برقرار رکھنے کیلیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، یاسین آزاد نے کہا کہ وکلاء برادری ،عدلیہ کی آزادی کیلیے آپ کی جدوجہدکی معترف ہے ،

انھوںنے نواز شریف کو بتایا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن 9ستمبر کو کوئٹہ میں بلوچستان کی مقامی قیادت کے ساتھ ملکر ایک کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے تا کہ بلوچستان کے مسئلے کے حل کی جانب پیش رفت ہوسکے ،نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی صوبائی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اس کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وکلاکے رہائشی کمپلیکس کے منصوبے کیلیے یاسین آزادکی درخواست پر حکومت پنجاب کی جانب سے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا ،

ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان ،رانامشہود احمدخاں،سینیٹررفیق رجوانہ ،نصیر بھٹہ اورانوشہ رحمن جبکہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی طرف سے محمد اسلم زار،سردارعبدالمجید خاں،عباس علی ،کفایت اللہ خان،محمد حبیب قریشی محمد عامر سہیل ،میاں ایوب ،وسیم ممتاز ملک اورطلعت عباس موجود تھے۔

آئی این پی کے مطابق نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہی جمہوریت، پارلیمنٹ او ر دیگر ادارے مضبوط ہوںگے، حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کریں، انھوںنے کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ عدلیہ کے خلاف پہلے بھی سازشیں ہوئیں اور آئندہ بھی ہو سکتی ہیں لیکن ہم ایسی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔