وزیراعظم عمران خان عید پر سانپ کی کھال سے تیار چپل پہنیں گے

این این آئی  اتوار 2 جون 2019
اژدھے کی کھال امریکا،اسفنج اٹلی سے منگوایا، چپل انتہائی آرام دہ ہوگی، چچانور الدین کی گفتگو۔ فوٹو:فائل

اژدھے کی کھال امریکا،اسفنج اٹلی سے منگوایا، چپل انتہائی آرام دہ ہوگی، چچانور الدین کی گفتگو۔ فوٹو:فائل

پشاور: پشاور میں وزیر اعظم عمران خان کیلیے سانپ کی کھال سے خاص چپل تیارکرلی ہے جو انھیں عید پرتحفہ کے طور پردی جائیگی۔

نورالدین چاچا نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگومیں بتایاکہ اس مرتبہ عمران خان کے ایک چاہنے والے نعمان نامی شخص نے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے کپتان کو خاص قسم کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کیلیے نعمان نے امریکا سے سانپ کی انتہائی خوبصورت کھال بھجوائی ہے، جس پرکام شروع کر دیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر عید سے پہلے وہ عمران خان کو یہ چپل تحفے میں پیش کر دیں گے۔

انھوں نے کہاکہ یہ انتہائی آرام دہ چپل ہوگی جس میں عمران خان کوگرمی نہیں لگے گی، امید ہے کہ ہمارے کپتان کو یہ چپل بہت پسند آئیگی۔ نورالدین چاچا کے بیٹے سلام الدین نے بتایا کہ اس مرتبہ وہ جو چپل تیار کر رہے ہیں وہ خاص طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔ چپل جاگرشوز سے بھی زیادہ ہلکی ہوگی، پہننے والے کو پتا ہی نہیں چلے گاکہ اس نے کوئی چپل پہن رکھی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔