ناصر جمشید کا بیٹ زمبابوے کیخلاف بھی خاموش رہا

لیفٹ ہینڈڈ اوپنر ناصر جمشید زمبابوے کے خلاف 3 میچز میں صرف 97 رنز ہی بنا پائے۔


Sports Desk September 01, 2013
زمبابوے کے خلاف سیریز کو بھی اس نے ایسے کھیلا جیسے مدمقابل جنوبی افریقہ ہو، ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ناصر جمشید کا بیٹ کمزورزمبابوین اٹیک کے خلاف بھی خاموش رہا، اوپنر کی خراب فارم کا سلسلہ دراز ہوگیا، تین میچز میں صرف 97 رنز ہی بنا پائے، حفیظ 232 رنز کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔، مصباح نے بھی 153 رنزاسکور کیے، باقی کوئی بھی 100کی نفسیاتی حد عبور نہیں کرپایا، بولرز بھی غیرمعمولی کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے۔

تفصیلات کے مطابق کمزور ٹیموں کے خلاف مقابلوں میں بڑی ٹیمیں نئے ریکارڈز بنانے کی جستجو میں رہتی ہے مگر پاکستان کا معاملہ اس کے برعکس ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز کو بھی اس نے ایسے کھیلا جیسے مدمقابل جنوبی افریقہ ہو، سوائے محمد حفیظ کے اور کوئی بھی غیرمعمولی کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہا، انتہائی تجربہ کار بیٹسمینوں سے سجی بیٹنگ لائن تین میچز میں ایک بار پھر بھی مجموعے کو 300 کے پار نہیں لے جا پائی، پہلے ون ڈے میں شکست کا بھی منہ دیکھنا پڑا تھا۔



دوسرے میں حفیظ نے ناقابل شکست 136 رنز بنائے، اس طرح وہ اس سیریز میں 232 رنز کے ساتھ ٹاپ پر رہے، مصباح الحق 153 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، ان دونوں کی سواکوئی بھی پاکستانی بیٹسمین 100 سے اوپر نہیں جاسکا، ناصر جمشید کی ناکامی کا سلسلہ دراز ہوچکا،انھوں نے97 رنز بنائے جس میں سب سے زیادہ 38 رنز کی اننگز تھی،اس سے قبل دو ٹوئنٹی 20 میچز میں انھوں نے25 رنز بنائے تھے۔ عمر امین93، احمد شہزاد 83، شاہد آفریدی57 اور سرفراز احمد 29 رنز اسکور کرسکے۔ بولنگ میں بھی سب کی پرفارمنس اوسط درجے کی رہی، سعید اجمل نے سب سے زیادہ 6 جبکہ جنید خان نے پانچ وکٹیں لیں، عبدالرحمان نے 4 اور حفیظ نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عرفان نے ایک وکٹ کیلیے 110 رنز دیے،شاہد آفریدی نے بھی تین میچز میں 112 رنز دے کر صرف ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔