پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز جدید سہولیات میں سب سے آگے

ہسپتال میں سالانہ 7500 ہزار آپریشن ہوتے ہیں جبکہ پورے پاکستان میں جدید ترین ایم آر آئی مشین بھی یہاں موجود ہے


ویب ڈیسک June 09, 2019
لاہور میں واقع ادارہ پِنس ہر سال 7500 مریضوں کی دماغی جراحی کی سہولت فراہم کررہا ہے (فوٹو: فائل)

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسِز (پِنس) میں دماغ سے متعلق 7500 آپریشن ہر سال انجام دیئے جارہےہیں جبکہ 25 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین یم آر آئی مشین بھی یہیں موجود ہے جو پورے پاکستان کے نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں موجود سب سے جدید ترین مشین بھی ہے۔

ان باتوں کا اظہار پِنس کے سربراہ اور معروف نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے 'رسولی سے بچاؤ' کے عالمی دن کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ کی آبادی میں نیورو سرجری کے صرف 22 پروفیسر کی موجودگی ان کے نہ ہونے کے برابر ہے، طبی سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے انسانی سر کھولے بغیر رسولی کا علاج اب ممکن ہے جبکہ سادہ طرزِ حیات، ورزش، بھرپور نیند اور دماغی تناؤ سے بچ کر رسولیوں سے محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسِز میں اینڈو اسکوپی اور ناک کے راستے آپریشن کا جدید ترین علاج شروع کردیا گیا ہے، یہ طریقہ کم تکلیف دہ ہے اور مریض کو بہت عرصہ بستربھی نہیں رہنا پڑتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر برین ٹیومر خطرناک نہیں ہوتا اور زیادہ تر کو آپریشن کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ملک بھر میں دماغی سرجری کے 28 پروفیسر اور 300 نیورو سرجن ہیں جو 22 کروڑ آبادی کے لیے انتہائی ناکافی ہیں۔

انہوں نے دماغی امراض سے متعلق آگاہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر مستقل دردِ سر ہو، قے اور متلی کے دورے پڑتے ہوں تو اس صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کیا جائے۔

مقبول خبریں