ساف فٹبال بھارت کو اون گول کا تحفہ پاکستان نے شکست گلے لگالی

14ویں منٹ میں بھارتی حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں پاکستانی کپتان ثمر اسحاق غلطی سے گیند اپنے ہی گول پوسٹ میں۔۔۔


Sports Desk September 02, 2013
کھٹمنڈو: ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ کا ایک منظر، قومی ٹیم یہ سنسنی خیز مقابلہ اون گول کی وجہ سے ہار گئی۔ فوٹو: فائل

ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستانی کپتان نے بھارت کو اون گول کا تحفہ دے کر شکست گلے لگالی۔

فارورڈز کی جانب سے مواقع کو کارآمد بنانے کی خامی ایک مرتبہ پھر ٹیم کو لے ڈوبی، 14 ویں منٹ میں خسارے میں جانے کے بعد پاکستانی اٹیکنگ لائن نے حریف گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے مگر کوئی اسکور نہ ہوسکا، قومی ٹیم اگلے میچ میں منگل کو میزبان نیپال کیخلاف میدان میں اترے گی۔ تفصیلات کے مطابق نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری 10 ویں ساف فٹبال چیمپئن شپ کے دوسرے روز روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ انتہائی سنسنی خیز رہا۔

گرین شرٹس کپتان کی جانب سے اون گول کے علاوہ میچ میں کوئی بھی ٹیم اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا، پہلے 5 منٹ میں دو کارنر لینا بھی اسی کا ہی شاخسانہ تھا، بلو شرٹس کھلاڑیوں نے بال کو متواتر اپنے قبضے میں رکھنے کی کوشش کی، اور وقفے وقفے سے پاکستانی پوسٹ پر حملہ آوور ہوتے رہے،14 ویں منٹ میں ایسے ہی ایک حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں پاکستانی کپتان ثمر اسحاق غلطی سے بال کو اپنے ہی گول پوسٹ میں پہنچا بیٹھے۔

بعدازاں پاکستانی اسٹرائیکر اور مڈفیلڈرز نے کھیل میں تیزی پیدا کردی، 18 ویں منٹ میں پاکستانی اسٹرائیکر عدنان کو خطرناک انداز میں روکنے کی غلطی پر ریفری نے بھارتی گول کیپر سبراتا پاول کو یلو کارڈ دکھا دیا۔ 21 ویں منٹ میں بھارت کو برتری دگنی کرنے کا ایک اور موقع ملا مگر لینی کی جانب سے لگائے گئے ہیڈر کو گرین شرٹس گول کیپر یعقوب بٹ نے ہاتھوں میں محفوظ کرلیا۔ پہلے ہاف کے 24 ویں منٹ میں پاکستانی فارورڈز نے پہلی بار حریف گول پوسٹ پر دھاوا بولا مگر ریاض احمدمڈفیلڈر عدنان بشیرکی کوشش سے ڈی میں پہنچنے والی بال کو جال کا راستہ نہ دکھا پائے۔ پہلے ہاف کے 34 ویں منٹ میں پاکستان نے کامران خان کو باہر بلا کران کی جگہ صدام کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ 38ویں منٹ میں ڈیفینڈر ذیشان رحمان نے ہاف سے بال کو بھارتی ڈی میں پہنچایا مگر صدام کی کوشش کو گول کیپر نے ناکام بنا دیا۔



پہلے ہاف کا اختتام 1-0 سے بھارت کے نام رہا۔ دوسرے ہاف کے پہلے ہی منٹ میں بلوشرٹس نے پہلی تبدیلی الوین جارج کی جگہ جیول راجا کی صورت میں کی۔ اس لمحے پاکستانی فارورڈز نے حریف پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیا،47ویں منٹ میں محمد ریاض کی جانب سے لگائی گئی کک بدقستمی سے گول پوسٹ کو چھو کر گزر گئی۔ دو منٹ بعد کلیم اللہ اورپھر حسن بشیر کی کوشش کو بھارتی گول کیپرسبراتا پاول نے ناکام بنایا۔

64 ویں منٹ میں بھارتی ٹیم نے موہن راج کی جگہ سید رحیم نبی کو میدان میں اتار کر دوسری تبدیلی کی۔ 5 منٹ بعد پاکستان نے بھی محمد ریاض کی جگہ محمد مجاہد کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے فائول پلیئنگ کا سلسلہ جاری رہا،70 ویں منٹ میں محمد نبی کو پاکستانی اسٹرائیکر کلیم اللہ سے خطرناک انداز میں بال چھیننے کی کوشش پر یلو کارڈ دکھایا گیا۔ آخری 15 منٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر کامیابی نہ مل سکی، پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے لگائی جانے والی ککس میں یا تو جان نہ ہوتی یا پھر یہ گول پوسٹ سے باہر چلی جاتیں۔

آخری لمحات میں پاکستان نے کلیم اللہ کی جگہ احسان اللہ کو میدان میں اترا گیا، لیکن اس تبدیلی کا بھی کوئی فائدہ نہ ہوسکا اور پاکستان مقابلہ ایک گول سے ہار گیا۔ گروپ اے میں پاکستان اپنا دوسرا میچ منگل کو میزبان نیپال کیخلاف کھیلے گی ، جبکہ آخری لیگ میچ میں جمعرات 5 ستمبر کو بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں آج گروپ بی کے دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلے مقابلے میں سری لنکا اور مالدیپ جبکہ دوسرے میں بھوٹان اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔