قتل کے مقدمے میں بانی ایم کیو ایم سمیت 7ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

کورٹ رپورٹر  منگل 11 جون 2019
 بانی ایم کیو ایم کیخلاف مزید گھیرا تنگ ہوگیا، فوٹو: فائل

بانی ایم کیو ایم کیخلاف مزید گھیرا تنگ ہوگیا، فوٹو: فائل

 کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ایس پی دفتر پر حملہ اور دو کارکنان کی ہلاکت کے مقدمے میں بانی ایم کیو ایم سمیت 7 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو پی ایس پی دفتر پر حملہ اور دو کارکنان کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بانی ایم کیو ایم سمیت 7 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ عدالت نے بانی ایم کیو ایم سمیت 7 مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا جب کہ  مفرور ملزمان میں ایم کیو ایم لندن کے آصف حسنین عرف پاشا، بسمہ ناز سمیت 7 ملزمان شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میں 9 ملزمان گرفتار ہیں۔ گرفتار ملزمان میں رضا علی عرف سولجر، قاضی انیس عرف کیپٹن، وقاص، شہریار عرف شیری، محسن احمد عرف شاہ جی شامل ہیں۔ ملزمان نے 23 دسمبر 2018 کو رضویہ تھانے کی حدود میں پی ایس پی کے ٹاؤن آفس پر حملہ کیا۔

حملہ میں پی ایس پی کے ٹاؤن جنرل سیکریٹری نعیم اور یوسی انچارج اظہر عرف سیاں ہلاک ہوئے۔ حملہ میں 2 کارکنان بھی زخمی ہوئے۔ ملزمان نے دوران تفتش اعتراف کیا حملہ بانی ایم کیو ایم کی کہنے پر کیا گیا۔ بانی ایم کیو ایم کی ایماء پر ساؤتھ افریقہ میں مقیم دہشتگردوں نے احکامات اور سہولت فراہم کی۔ عدالت نے گرفتار ملزمان کو مقدمہ نقول فراہم کردیں۔ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔