حملے کی دھمکی کے بعدسٹی کورٹ میںسخت سیکیورٹی انتظامات

صدرکراچی بارکودھمکی آمیزخط میں دیا جانیوالا ایڈریس اورٹیلی فون نمبر جعلی نکلے


Staff Reporter August 28, 2012
خودکش حملے کی دھمکی کے بعد سٹی کورٹ میں پولیس اہلکار ایک شخص کی تلاشی لے رہا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی

سٹی کورٹ پر خود کش حملے کی دھمکی کے بعد منگل کو سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے،سٹی کورٹ کے داخلی و خارجی راستوں اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ پولیس موبائلیں اورموٹرسائیکل سوار جوان بھی گشت کرتے رہے،سٹی کورٹ تھانے کی نفری بھی بڑھادی گئی،شہریوںکی آمدورفت اور نقل وحرکت پرکڑی نگاہ رکھنے کیلیے حفاظتی نقطہ نظر سے8داخلی راستوں میں سے4کو بند کردیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ میں دھمکی آمیز خط میں دیا جانے والا ایڈریس اور ٹیلی فون نمبر جعلی نکلے ہیں ،تفصیلات کے مطابق پیر کو کراچی بار کے صدر محمود الحسن کو بذریعہ خط سٹی کورٹ پر منگل کے روز خود کش حملوں کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے سٹی کورٹ کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ، منگل کو اعلیٰ پولیس حکام خود بھی سٹی کورٹ میں موجود رہے ، منگل کو انتہائی سخت ترین حفاظتی انتظامات دیکھنے میں آئے۔