پنجاب کالونی ڈاکوؤں نے خواتین کو تعاقب کے بعد گھر میں گھس کر لوٹ لیا

ڈاکوؤں نے رکشا میں سوارخواتین کاتعاقب کیا،خواتین کے گھرمیں داخل ہوتے ہی ڈاکوؤں نے گھرمیں داخل ہوکربیگ چھین لیا


Staff Reporter June 20, 2019
بیگ میں زیور،رقم،موبائل فون اورقیمتی سامان تھا،ڈاکوؤں نے منٹوںمیں واردات کی،فوٹیج وائرل ہوگئی،فرئیرپولیس واردات سے مکرگئی۔ فوٹو: فائل

ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری کا ایک واقعہ سامنے آگیا، ڈاکو دن دہاڑے خواتین کا تعاقب کرکے پنجاب کالونی کے گھر میں گھسے اور لوٹ مار کرکے باآسانی فرار ہوگئے جب کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

فریئر تھانے کی حدود پنجاب کالونی کے ایک گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 3 مسلح ڈاکوؤں نے رکشا میں سوار خواتین کا تعاقب کیا اور خواتین کے رکشا سے اتر کر گھر میں داخل ہوتے ہی ڈاکو بھی ان کے پیچھے پیچھے گھر میں داخل ہوگئے جہاں ڈاکوؤں نے خواتین سے بیگ چھینا جس میں زیورات ، نقدی ، موبائل فون اور قیمتی سامان موجود تھا۔

ڈاکوؤں نے چند منٹ میں واردات مکمل کی، فوٹیج میں ملزمان کے چہرے واضح دیکھے جاسکتے ہیں جب کہ فریئر پولیس ڈکیتی کی واردات کو چھپانے کیلیے لاعلمی کا اظہار کرتی رہی۔