تھائی لینڈ پاکستان میں مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا

تھائی لینڈ کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی ایکسپورٹ کو بہت فائدہ پہنچے گا


Staff Reporter June 22, 2019
تھائی لینڈ کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی ایکسپورٹ کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ فوٹوفائل

تھائی لینڈ حکومت پاکستان میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔

تھائی لینڈ حکومت کے کراچی میں قونصل جنرل کی قیادت میں گیارہ رکنی وفد نے کراچی فش ہاربر کا دورہ کیا، تھائی قونصل جنرل نے فشر مینز کوآپریٹوسوسائٹی اور تمام اسٹک ہولڈرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور ایک ماہ میں باقاعدہ معاہدہ کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈکے کراچی میں واقع قونصلیٹ میں تعینات قونصل جنرل تھتری چوا چاتا جمعہ کو وفد کے ہمراہ کراچی فش ہاربر پہنچے جہاں چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر، ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن اخلاق احمد، سٹوفا کے پیٹرن ان چیف سرور صدیقی، صدرحبیب اللہ نیازی و دیگر اسٹک ہولڈرز نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا، کراچی فش ہاربر پر واقع فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے بورڈ روم میں چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے معزز مہمانوں کو سندھ کی ثقافت اجرک،ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

مینیجر ایف سی ایس یورپی یونین فیصل ملک نے مہمانوں کو فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کی تاریخ اور پاکستانی سمندر میں پائی جانے والی مچھلیوں کی نایاب اقسام کے بارے میں بریفنگ دی، تھائی لینڈ کے قونصل جنرل نے چیئرمین عبدالبر کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر،سٹوفا، چیئرمین ایکسپورٹ ایسوسی ایشن،سندھ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو یہاں تشریف لائے۔

ہمارے وفد نے یہاں آنے سے پہلے دو چیزوں پر بات چیت کی جس میں ساحلی جیٹیز کو جدید بنانے میں مدد کریں گے۔ چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا کہ ہمارے لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ تھائی لینڈ نے شعبہ فشنگ کی ضروریات کو تسلیم کیا جس سے پاکستان کی ایکسپورٹ کو بہت فائدہ پہنچے گا۔