شہید بینظیر آباد سے 1 کروڑ مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد

قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے، ڈائریکٹر کسٹم انٹیلیجنس صادق اللہ خان


Staff Reporter June 26, 2019
قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے، ڈائریکٹر کسٹم انٹیلیجنس صادق اللہ خان۔ فوٹو: فائل

ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اور رینجرز انٹیلی جنس نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف ایک مشترکہ کارروائی میں ایک کروڑ10لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔

ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس محمد زاہد کھوکھر کی اطلاع پر شہید بے نظیر آباد میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ 8 گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل اس آپریشن کے دوران مذکورہ ضلع میں 6 مختلف مقامات سے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قبضے میں لی گئیں جن کے قبضے سے مذکورہ گاڑیاں برآمد ہوئی ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

ڈائریکٹر کسٹم انٹیلیجنس صادق اللہ خان نے بتایا کہ قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کا نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن پورے سندھ میں جاری رہے گا تاکہ بغیرکسٹم ڈیوٹی وٹیکسوں کی ادائیگیوں کی حامل گاڑیوں کو بازیاب کرایاجاسکے۔ نان کسٹم ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کی بازیابی کی مہم میں شامل ڈپٹی ڈائریکٹر شاہ فیصل سہو کی ٹیم کی کارکردگی کوسراہا گیا۔

واضح رہے کہ کسٹم انٹیلیجنس حیدرآباد کا یہ پچھلے 2 ماہ میں پانچواں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن تھا جو کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے حوالے سے کیا گیا۔