دوسرا ون ڈے مائیکل کلارک انگلش بولرز پر ٹوٹ پڑے آسٹریلیا فتحیاب

مہمان قائد کی سنچری، جارج بیلی کی ففٹی ، 316 کا تعاقب کرنے والی میزبان ٹیم 227 پر ڈھیرہوکر88رنز سے ناکام


Sports Desk September 09, 2013
مانچسٹر: انگلینڈ کیخلاف آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک کا زور دار اسٹروک ، چھوٹی تصویر میں سنچری کی تکمیل پر مداحوں کی داد کا جواب دیتے ہوئے ، انھوں نے 105رنزاسکورکیے۔ فوٹو: اے ایف پی

مائیکل کلارک انگلش بولرز پر ٹوٹ پڑے، آسٹریلوی قائد نے دوسرے ون ڈے میں سنچری جڑ کر ٹیم کو 88 رنز سے فتح دلادی، نائب قائد جارج بیلی نے بھی 82 رنز اسکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 7 وکٹ پر 315 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسٹیون فن، بوائیڈ رینکن اور روی بوپارا نے دو،دو وکٹیں لیں جواب میں انگلش ٹیم 227 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کیون پیٹرسن، جوز بٹلر اور ایون مورگن کی ففٹیز بھی کسی کام نہیں آئیں، کلنٹ میک کے نے تین اور مچل جونسن نے دو وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو 88 رنز سے شکست دے کر پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، پہلا مقابلہ مکمل طور پر بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ایشز سیریز میں شکست پر غضبناک کینگروز پہلے ہی ایک روزہ میچز میں انگلش ٹیم کو سبق سکھانے کا اعلان کرچکے جس نے ان میچز میں اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے۔



ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کرنے والی انگلش ٹیم کو فتح کیلیے 316 کا ہدف ملا مگر تین کھلاڑیوں کی ففٹیز کے باوجود وہ اس کے قریب بھی نہیں پہنچ پائے، ابتدائی تین وکٹیں صرف 38 رنز پر گرنے کی وجہ سے سفر سست پڑگیا، مائیکل کیربیری (4) اور جوناتھن ٹروٹ (0) کو مچل جونسن نے مسلسل دو گیندوں پر میدان بدر کیا، جوائے روٹ 3 رنز پر فالکنر کی وکٹ بن گئے، کیون پیٹرسن نے ٹاپ آرڈر پر کھیلتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور 60 رنز جڑے مگر واٹسن کی گیند پر ایک غیرذمہ دارانہ شاٹ پر وہ فالکنر کا کیچ بن گئے اور اپنی ٹیم کی مشکلات بڑھادیں۔ کپتان مورگن نے 54 رنز پرکلنٹ میک کو وکٹ عطیہ کی، کیچ کلارک نے تھاما ،جوز بٹلر نے اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ 75 رنز اسکور کیے۔

انھوں نے 65 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور 5 چوکے لگائے، انھیں فواد احمد نے جونسن کی مدد سے قابو کیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 7 وکٹ پر 315 رنز اسکور کیے، پہلے ہی اوور کی چوتھی بال پر اسٹیون فن نے شان مارش کو صفر پر وکٹ کیپر بٹلر کا کیچ بنادیا۔ واٹسن (38) بوپارا کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، فنچ 45 رنز پر ٹریڈویل کا شکار ثابت ہوئے کیچ روٹ نے تھاما، اس موقع پر کپتان کلارک اور ان کے نائب جارج بیلی نے اسکور کو 116 سے 271 تک پہنچایا، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 155 کی شراکت ہوئی، بیلی 82 رنز پر بوپارا کی وکٹ ثابت ہوئے کیچ ٹریڈویل نے تھاما، کلارک 105 رنز بناکر رینکن کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے، انھوں نے 14 چوکے جڑے ۔