جمشید کوارٹر سے لاپتا بچے کی لاش گٹر سے برآمد فوٹیج منظرعام پر

بچہ دیگر بچوں کے ساتھ گلی سے گزر رہا تھاکہ مین ہول میں گرگیا بقیہ بچوں نے دھیان نہیں دیا


Staff Reporter July 02, 2019
بچہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ گلی سے گزر رہا تھاکہ مین ہول میں گرگیا بقیہ بچوں نے دھیان نہیں دیا (فوٹو: فائل)

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی لاپروائی کے سبب ایک اور کمسن بچہ زندگی کی بازی ہار گیا، جمشید کوارٹر سے لاپتا کمسن بچے کی لاش گٹر سے مل گئی جس کی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی۔

ایکسپریس کے مطابق پیرکی صبح جمشید کوارٹر تھانے سے ملحقہ پولیس لائن کے قریب سے لاپتا ہونے والے 5 سالہ کمسن بچہ کیلون ولد جوزف کی لاش منگل کی صبح گھرکے قریب واقع گٹر سے مل گئی۔ ایس ایچ او جمشید کوارٹر شمشاد حسین نے بتایا کہ بچہ گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے گٹر میں گرگیا تھا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

بچے کے والد جوزف نے میڈیا کو بتایا کہ بیٹا دیگربچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے گٹرمیں گرگیا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے کو گٹر میں گرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، وہ دیگر بچوں کے ساتھ گلی سے گزر رہا تھا کہ اچانک بے دھیانی میں گٹر میں گرگیا اور دیگر تین بچے آگے نکل گئے بقیہ بچوں نے خیال نہیں کیا اور مڑکر بھی واپس نہیں دیکھا اور آگے چلے گئے۔

یہ پڑھیں: جمشید کوارٹر: کمسن بچہ گھر کے باہر سے پراسرار طور پر لاپتہ
والد جوزف نے بتایا کہ جب ان کا بچہ گٹر میں گرا تو اس کا ڈھکن کھلا ہوا تھا اور بیٹے کے گٹر میں گرنے کے بعد کسی نے ڈھکن بند کردیا تھا، آج جب واٹر بورڈ کا عملہ گٹر کھولنے پہنچا تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی، میرا بچہ پانچ سالہ اور کے جی ٹو کا طالب علم اور تین بچوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

محلے میں رہائش پذیر ایک بچے نے بتایا کہ گلی میں ایک بنگلے کا گٹر بند ہوگیا تھا اور انھوں نے ہی صفائی کے لیے گٹر کھلوایا تھا اس دوران بچہ گٹر میں گرگیا اور بعد میں بنگلے والوں نے ڈھکن رکھوا دیا۔


علاقہ مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں گٹروں پر سے ڈھکن غائب ہیں کئی بار واٹر بورڈ کو آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور اس کا خمیازہ 5 سالہ بچے کو جان دے کر بھگتنا پڑا، محلے والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بہت سے گٹروں پر ڈھکن رکھوائے ہیں، حکام کو چاہیے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں اور تمام کھلے مین ہول بند کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔