بھارت نے ٹائٹل کے دفاع کی راہ ہموار کر لی

بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سخت مقابلے کے بعد مالدیپ کو 1-0 سے شکست دی۔


Sports Desk September 10, 2013
بھارت مسلسل تیسری بار اعزاز پانے کیلیے کل افغانستان سے مقابلہ کرے گا۔ فوٹو: فائل

ساف فٹبال چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے مالدیپ کو ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل کے دفاع کی راہ ہموار کر لی۔

مسلسل تیسری بار اعزاز حاصل کرنے کیلیے بدھ کو سخت حریف افغانستان سے مقابلہ ہوگا۔ نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں نے سست روی سے میچ کا آغاز کیا، دوسری جانب مالدیپ کے فارورڈز نے شروع میں ہی برتری حاصل کرنے کیلیے کوششیں شروع کردیں،ایونٹ کے ٹاپ اسکوررعلی اشفاق نے5 ویں منٹ میں حریف گول پوسٹ پر دھاوا بول دیا لیکن گول کیپر سبراتا پال نے اعصاب کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے کوشش ناکام بنادی، میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے اپنے جارحانہ رویے سے ریفری کو پریشان کیے رکھا، 15 ویں منٹ میں خطرناک انداز سے حریف فارورڈ کو روکنے کی کوشش کرنے والے مہتاب حسین کو یلو کارڈ دکھایاگیا۔ 33 ویں منٹ میں بھارتی گول کیپر نے حریف مڈفیلڈر محمد عمیر کی فری کک کو روک کر ایک اور یقینی گول بچا لیا۔



مالدیپ کی امیدوں کے محور علی اشفاق صلاحیتوں کے مطابق پرفارم نہیں کر پائے، پہلے ہاف میں انھوں نے 2 بار ٹریٹمنٹ لی۔ ابتدائی45 منٹ میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں بھارتی فارورڈز کھیل میں تیزی لے آئے، 48 ویں منٹ میں مالدیپ کے گول کیپر عمران نے حریف اسٹرائیکر مہتاب کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ 55 ویں منٹ میں مالدیپ کے علی فشیر کو خطرناک فاؤل پر ریفری نے قریب بلا کر سخت وارننگ دی اور یلو کارڈ دکھایا۔ میچ کے اختتامی 20 منٹ میں مالدیپ کے دفاعی کھلاڑیوں نے بھارتی فارورڈز کے کئی حملوں کو ناکام بنایا،اسی دوران علی اشفاق نے کاؤنٹر اٹیک پرگیند کو جال میں پہنچانے کی کوشش کی مگر ان کی کک میں جان نہیں تھی جس پر بھارتی گول کیپر نے آسانی سے گیند کو ہاتھوں میں تھام لیا۔ 79ویں منٹ میں بھارت نے اراتا سنگھ کی جگہ جول راجا کو میدان میں اتارا،کھیل ختم ہونے سے5 منٹ قبل ارناب منڈل نے موقع ملتے ہی گول کر دیا۔

کم وقت کے باوجود مالدیپ کے اسٹرائیکرز نے مقابلہ برابر کرنے کی بہت کوشش کی مگر ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہ آیا،4 منٹ کے انجری ٹائم میں بھی بھارتی گول کیپر اور ڈیفنڈرز نے عمدہ کھیل سے حریف فارورڈز کو گول پوسٹ سے دور رکھا اور مقابلہ 1-0 سے اپنے نام کرلیا۔ فتح کے ساتھ ہی بھارت کی مسلسل تیسری بار ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرنے کی خواہش پایہ تکمیل تک پہنچنے کے قریب ہے ، اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلیے بلو شرٹس کو فیصلہ کن معرکہ میں سخت جان افغانستان کو زیر کرنا ہوگا۔