جنوبی افریقا نے اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو ہرا دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 جولائی 2019
میچ مانچسٹر میں کھیلا جارہا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

میچ مانچسٹر میں کھیلا جارہا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

مانچسٹر: جنوبی افریقا نے ورلڈکپ کے اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو 10 رنز سے شکست دے دی۔

ایونٹ میں پے درپے ناکامیوں کا سامنا کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم نےمضبوط حریف آسٹریلیا کو ہرا کر  مشن ورلڈکپ کا اختتام یادگار بنادیا،  مجموعی طور پر ایونٹ میں 3 کامیابیوں کے ساتھ جنوبی افریقی ٹیم وطن لوٹے گی جب کہ 7 فتوحات حاصل کرنے والی آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پنجہ آزامائی کرے گی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈی کوک اور مارکرم پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو 79 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، دونوں بیٹسمینوں نے جم کر بیٹنگ کی اور تیز رفتاری سے رنز بنائے تاہم مارکرم 34 رنز بنا کر اسٹمپ ہوگئے جب کہ دوسری وکٹ 114 رنز پر ڈی کوک کی گری جو 52 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان ڈوپلیسی اور وینڈر ڈوسن نے 151 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے مجموعے کو 265 تک پہنچایا، اس دوران کپتان نے سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جب کہ وینڈر ڈوسن سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے اور آخری گیند پر چھکا لگا کر سنچری بناتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 325 رنز بنائے، جے پی ڈومنی نے 14 اور پری ٹوریس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور لیتھن لائن نے 2،2 ، بہرینڈروف اور کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور  صرف 33 رنز پر اس کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم  تیسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور اسٹونیس نے 62 رنز جوڑے اور مجموعے کو 96 رنز تک پہنچایا،  اسٹونیس 22 رنز بنا کر وارنر کا ساتھ چھوڑ گئے جب کہ 24 رنز کے اضافے سے میکسویل بھی چلتے بنے۔

پانچویں وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور کیرے نے 108 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اس دوران وارنر سے سنچری اسکور کی مگر وہ بازی نہ پلٹ سکے، وارنر نے 117 گیندوں پر 122 رنز بنائے جب کہ آسٹریلیا کی آخری امید اس وقت دم توڑ گئی جب کیرے 85 رنز پر چلتے بنے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 310 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان فنچ ن 3، اسمتھ نے 13 رنز بنائے، عثمان خواجہ نے 18، مچل اسٹارک نے 16 اور نیتھن لائن 3 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے 3، پھلکوایو اور پریٹوریس نے 2،2 جب کہ عمران طاہر اور مورس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔