ریڈیو پروگراموں کو مزید دلچسپ بنائیں گے رضا کاظمی

معروف شاعر اختر شیرانی کی یاد میں محفل موسیقی، قیصر، ترنم ناز اور صائمہ نے کلام سنایا


Cultural Reporter September 11, 2013
رضا کاظمی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اپنے دور کے لیجنڈ شعراء اور گلوکاروں پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کرتا رہتا ہے فوٹو: فائل

ریڈیو پاکستان لاہور کے اسٹیشن ڈائریکٹر سید رضا کاظمی نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان لاہور اور سرکاری سرپرستی میں چلنے والے دیگر تمام ریڈیو اسٹیشنز کو بھی سامعین کے لیے مزید دلچسپ اور پرکشش بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جلد ریڈیو پاکستان لاہور سے مزید نئے پروگرامز کا اجراء کیا جائے گا، ریڈیو کو پروگرامنگ کے حوالے سے دلچسپ بنا دیا گیا اور ڈرامہ، میوزک، ٹاک شوز کے متعدد پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز سینٹرل پروڈکشن یونٹ ریڈیو لاہور کیطرف سے پیش کیے گئے معروف شاعر اختر شیرانی کی یاد میں محفل موسیقی کے موقع پر رضا کاظمی ''ایکسپریس'' سے گفتگو کر رہے تھے۔ اختر شیرانی کی یاد میں ہونیوالے پروگرام میں گلوکار قیصر شہزاد، ترنم ناز اور صائمہ ممتاز نے اختر شیرانی کا کلام سنایا۔



رضا کاظمی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اپنے دور کے لیجنڈ شعراء اور گلوکاروں پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کرتا رہتا ہے جب کہ ڈائریکٹر جنرل ثمینہ پرویز کی زیر نگرانی ریڈیو کے تمام اسٹیشنوں کو بہتر بنانے کے لیے دن رات محنت کی جا رہی ہے، ریڈیو کو ان دنوں سخت مقابلہ درپیش ہے، لیکن میری ٹیم کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کے تمام اسٹیشنز سامعین کی دلچسپی کو مدنظر رکھ کر پروگرام نشر کریں اور ریڈیو پاکستان ایک مرتبہ پھر ماضی کی طرح گھر گھر سنا جائے۔

مقبول خبریں