لاہور میں 10 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2019
پولیس نے تحقیقات شروع کردیں فوٹو:فائل

پولیس نے تحقیقات شروع کردیں فوٹو:فائل

 لاہور: باٹا پور کے علاقے میں سفاک ملزمان نے 10 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا۔

لاہور کے علاقے باٹا پور میں دس سالہ بچے کو نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے اور مبینہ زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور فرانزک اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرلیے۔

سبحان احمد گھر سے کھیتوں میں بکریاں لینے گیا تھا کہ اس دوران اسے اغوا کرکے قتل کیا گیا۔ اس کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات ہیں ۔ وہ تیسری جماعت کا طالب علم اور والدین کا اکلوتا بیٹا تھا جبکہ اس سے چھوٹی ایک بہن ہے۔ ہلاکت کی خبرملتے ہی بچے کی ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔

بچے کے والد امجد کا کہنا ہے کہ میری تو دنیا اجڑ گئی ہے اور سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے گھناؤنے واقعہ میں ملوث عناصر قانون کے تحت سخت سزا کے مستحق ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔