قومی ہاکی ٹیم کی نئی مصروفیات کا آئندہ ماہ آغاز

پرتھ کی انٹرنیشنل 9 اے سائیڈ سپر سیریز میں آسٹریلیا، ارجنٹائن اور ملائیشیا مقابل ہونگے


Sports Reporter September 13, 2013
سڈنی میں 3 ٹیسٹ، تیسری ایشین چیمپئنز ٹرافی کا جاپان میں انعقاد۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے سے محروم قومی ہاکی ٹیم کی نئی مصروفیات کا آغازآئندہ ماہ ہوگا، گرین شرٹس پرتھ میں انٹرنیشنل 9 اے سائیڈ سپر سیریز میں آسٹریلیا، ارجنٹائن اور ملائیشیا کے مقابل ہوں گے.

بعد ازاں پریکٹس کیلیے سڈنی میں 3 ٹیسٹ رکھے گئے ہیں، نومبر کے آغاز میں جاپان میں شیڈول تیسری ایشین چیمپئنز ٹرافی میں بھارت، ملائیشیا، چین،جاپان اور اومان سے مقابلہ کرنا ہوگا۔پی ایچ ایف کے تھنک ٹینک نے مستقبل کی حکمت عملی پر غور شروع کردیا، بہتر تیاری کیلیے زیادہ باصلاحیت جونیئر پلیئرزکو تسلسل کے ساتھ مواقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ تک رسائی کیلیے ایشیا کپ ٹائٹل سے کچھ کم درکار نہیں تھا لیکن وہ سیمی فائنل میں جنوبی کوریا سے شکست کے بعد برانز میڈل ہی حاصل کر پائی، سابق اولمپئنز کی شدید تنقید کے بعد سیکریٹری فیڈریشن آصف باجوہ نے استعفٰی دے دیا.

ان کی جگہ رانا مجاہد علی کو سیکریٹری مقررکیا گیا، پاکستانی ٹیم کو وقار کی بحالی کا سفر شروع کرنے کیلیے پہلے مرحلے میں پرتھ میں انٹرنیشنل 9 اے سائیڈ سپر سیریز کا انتظار کرنا ہوگا،17 سے 20 اکتوبر تک شیڈول ایونٹ میں میزبان کے ساتھ ارجنٹائن اور ملائیشیاکی ٹیمیں بھی شریک ہونگی۔ گرین شرٹس کا پہلا میچ افتتاحی روز ملایشیا سے ہوگا۔ 18 اکتوبر کو ارجنٹائن سے میچ شیڈول ہے، اگلے روز میزبان آسٹریلوی ٹیم کا چیلنج درپیش ہوگا۔ فائنل اور پوزیشن میچز 20 اکتوبر کو ہونے ہیں۔



یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم اس وقت رینکنگ میں دوسرے، پاکستان آٹھویں، ارجنٹائن 10 اور ملائیشیا 13ویں نمبر پر ہے۔ اس کے بعد گرین شرٹس پریکٹس میچز کیلیے سڈنی جائیں گے، وہاں 3 میچز بیلجیئم، آسٹریلیااے اور سینئر ٹیم کے خلاف شیڈول کیے گئے ہیں۔ 30 اکتوبر کو اسکواڈ تیسری چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلیے جاپان روانہ ہوگا۔ مقابلے 2 سے 10 نومبر تک کافی گاہارا شہر میں ہونگے، ایشین ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم مہم کا آغاز افتتاحی روز اومان کیخلاف میچ سے کرے گی، اگلے روز چین سے مقابلہ ہوگا۔

ایک روز وقفے کے بعد ملائیشین چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ7 نومبر کو ہونا ہے،اگلے دن گرین شرٹس کا آخری میچ میزبان جاپان کے ساتھ ہوگا،فیصلہ کن معرکہ 10 نومبر کو شیڈول ہے، اسی روز پوزیشن میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ دریں اثنا آئندہ ایونٹس کا شیڈول موصول ہوتے ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تھنک ٹینک نے حکمت عملی پر غور شروع کردیا، ذرائع کے مطابق مستقبل کی بہتر تیاری کیلیے زیادہ تر باصلاحیت جونیئرز کو تسلسل کے ساتھ مواقع دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ فتح و شکست سے قطع نظر نیا ٹیلنٹ شامل کرکے مضبوط ٹیم تشکیل دینے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔