ورلڈ اوپن اسکواش عامر اطلس پاکستانی نمائندگی سے محروم

فیڈریشن نے انگلینڈ میں شیڈول ایونٹ کے لیے ناصر اور فرحان کی انٹریز بھجوا دیں


Sports Desk September 14, 2013
فیڈریشن نے انگلینڈ میں شیڈول ایونٹ کے لیے ناصر اور فرحان کی انٹریز بھجوا دیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم قومی نمبر ون کھلاڑی عامر اطلس خان کی خدمات سے محروم رہے گی۔

آئندہ ماہ مانچسٹر میں شیڈول ایونٹ کیلیے فیڈریشن نے ناصر اقبال اور فرحان زمان کی انٹریز بھجوا دیں لیکن ایشین چیمپئن کا نام نہیں ارسال کیا گیا، آفیشلزکا موقف ہے کہ عامر اطلس نے آخری تاریخ تک اپنی دستیابی سے آگاہ نہیں کیا تھا، صرف فرحان محبوب اور ناصر اقبال نے فیڈریشن کو ایونٹ میں حصہ لینے کی خواہش کا بتایا، اس لیے ان دونوں کے نام بھجوائے گئے، اب وہی ورلڈ ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے، عامر اطلس کی شمولیت ناممکن ہے۔



دوسری طرف عامراطلس فیڈریشن کے اس فیصلے پر سخت نالاں ہیں، انھوں نے کہا کہ برٹش اوپن، ورلڈ اوپن یا ٹیم چیمپئن شپ میں انٹریز بھجوانے کی ذمہ داری فیڈریشن کی ہے، اسے خود ہی میرانام فائنل کرکے ارسال کر دینا چاہیے تھا ۔ انھوں نے کہا کہ میں پاکستان کا نمبر ون کھلاڑی اور ایشین چیمپئن ہوں، سال میں دوسری مرتبہ کسی بڑے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی نہ کرنا میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے اسکواش فیڈریشن کے صدر طاہر رفیق بٹ سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

عامر نے کہا کہ اگر ایسے مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو پاکستان میں اسکواش کا کھیل کبھی ماضی کے سنہرے دور کی جانب نہیں لوٹ پائے گا۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل فرانس میں منعقدہ ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں عامر اطلس کو ٹرائلز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے ڈراپ کردیا گیا تھا، فیڈریشن کا موقف تھا کہ ایشین چیمپئن مکمل فٹ نہیں ہیں لیکن انھوں نے کہا کہ وہ ایونٹ میں شرکت کیلیے مکمل طور پر تیار تھے،فٹنس کاکوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن فیڈریشن نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔