وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد گورنر سندھ کا وطن واپسی کا فیصلہ

گورنر سندھ آئندہ چند روز میں وطن واپس آکر ذمے داریاں سنبھال لیں گے، ذرائع


Staff Reporter September 15, 2013
وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کو کراچی میں آپریشن پر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ فوٹو: فائل

اہم ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وفاقی حکومت کی اعلیٰ شخصیات نے ہفتے کی شب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں اور ان کو کراچی میں آپریشن پر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

جس کے بعد گورنر سندھ نے وطن واپس آنے کافیصلہ کرلیا ہے اور وہ چند روز میں وطن واپس آکر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔ وفاقی حکومت کے اہم ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈآپریشن جاری رکھا جائے گا تاہم آپریشن پر تحفظات کو دور کرنے کے لیے وفاقی حکومت ایک رابطہ کار کمیٹی تشکیل دے گی۔



جس میں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل ہوگا۔ یہ کمیٹی آپریشن پر تحفظات کو دور کرنے کیلیے اہم اقدامات کرے گی اور سیاسی ودیگر حلقوں سے رابطے میں رہے گی۔