عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگےوزیراعظم

اتحادیوں کوساتھ لیکرچلیں گے،گفتگو،ملاقاتیں،شجرکاری مہم کا آغازکیا


Numainda Express August 30, 2012
اتحادیوںکوساتھ لیکرچلیں گے،گفتگو،ملاقاتیں،شجرکاری مہم کا آغازکیا۔ فوٹو: پی پی آئی

وزیراعظم راجاپرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت مفاہمتی پالیسی کے تحت تمام معاملات پر اتفاق رائے پر یقین رکھتی ہے ، قومی معاملات پر ہمیشہ اتحادی جماعتوں کیساتھ مشاورت کی ہے، اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ وہ اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل اور سینیٹر زاہد خان کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

انھوںنے کہاحکومت بینظیرکی مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھے گی، ملاقات کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں اقتصادی بحالی کیلئے اعلان کردہ مالی پیکج پر عملدرآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے پیکج پر عملدرآمد کا عزم دہرایا ۔ وفاقی وزراء خورشید شاہ، ثمینہ خالد گھرکی، تسنیم قریشی، روبینہ قائم خانی، مصطفٰی محمود نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو بروقت فنڈز جاری کریں گے اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

ارجنٹائن کے سفیر روڈیلفو مارٹن سراویا سے ملاقات میں پرویز اشرف نے پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، فلسطین کے سفیر ڈاکٹر حازم حسین ابو شناب نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی، وزیراعظم نے فلسطین کے کاز کیلئے مسلسل دو ٹوک حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں کیا جاتا مشرق وسطیٰ میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

دریں اثناء پرویز اشرف نے ایوان وزیراعظم میں پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ سمیعہ راحیل قاضی سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا پاکستانی خواتین موزوں لباس کے انتخاب میں آزاد ہیں جو پاکستانی ثقافت کی عکاسی کرتا ہو۔ انہوں نے قاضی حسین احمد کی خیریت دریافت کی اور نیک تمنائوں کا پیغام پہنچانے کا کہا۔

بعد میں سمیعہ راحیل قاضی نے خاتون اول نصرت پرویز سے ملاقات کی اور انہیں بین الاقوامی حجاب ڈے کی مناسبت سے جماعت اسلامی کی خواتین ونگ کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے سیمینار میں شرکت کی دعوت دی جو خاتون اول نے قبول کرلی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو دوپٹہ اوڑھتی تھیں جو پاکستانی خواتین کیلئے باعث تقلید لباس بن گیا۔