قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت سے محروم

انٹری جمع کرانے کا وقت گزرگیا،مزید مہلت نہیں دی جاسکتی(منتظمین) پی ایچ ایف نے اظہاردلچسپی کا خط نہیں بھجوایا، عارف حسن


Sports Reporter September 17, 2013
انٹری جمع کرانے کا وقت گزر گیا، مزید مہلت نہیں دی جاسکتی (منتظمین) پی ایچ ایف نے اظہار دلچسپی کا خط نہیں بھجوایا، عارف حسن ۔فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز 2014 میں شرکت سے محروم ہوگئی، ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اظہار دلچسپی جمع کرانے کا وقت گزر گیا، مزید مہلت نہیں دی جاسکتی۔

یاد رہے کہ سی ڈبلیو جی کے آرگنائزرز کا اصرار تھا کہ آئندہ سال گلاسگو میں شیڈول ایونٹ کے ہاکی مقابلوں میں شرکت کیلیے پی ایچ ایف حکام کو اپنا کیس آئی او سی کی تسلیم کردہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (عارف حسن گروپ) کے ذریعے ہی بھجوانا ہوگا۔

دوسری طرف فیڈریشن کا موقف تھا کہ حکومت اور اسپورٹس بورڈ اس باڈی کو تسلیم نہیں کرتے، لہذا ہم ان کی ہدایات کو نظر انداز کرکے عارف حسن سے رابطہ نہیں کرسکتے، معاملات ہوا میں معلق رہنے کے بعد 2 بار پاکستان کو مہلت دی گئی لیکن اونٹ کسی کروٹ نہ بیٹھنے کے بعد بالآخر پاکستان کو سرخ جھنڈی دکھادی گئی۔



عارف حسن کا کہنا ہے کہ 2 ماہ کوشش کی لیکن پی ایچ ایف نے اظہار دلچسپی کا خط نہیں بھجوایا، کامن ویلتھ گیمز کے منتظمین کو آگاہ کردیا کہ ایونٹ میں حصہ نہیں لیں گے۔ دوسری طرف آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن گزرنے تک پاکستان نے نام نہیں بھجوائے، اب مقابلوں میں شرکت کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔