شہر میں کچرا پھینکنے اور جلانے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت

حکومت کی جانب سے مخصوص اور مقررہ لینڈ فل سائیڈز کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر کچرا ڈالنا اور جلانا سخت منع ہے


Staff Reporter August 30, 2012
شہر کو صاف رکھنا نہ صرف اداروں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے،روشن علی شیخ۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ مختلف اداروں کی جانب سے مخصوص جگہ کے بجائے شہر کے مختلف آبادی والے علاقوں اور ندی نالوں میں کچرا پھینکنے اور جلانے کا عمل جاری ہے جس کے باعث دن بدن آلودگی میں اضافہ ہونے کے ساتھ نکاسی آب کی گزرگاہیں روز بروز تنگ اور بند ہوتی جا رہی ہیں۔

بارش کی صورت میں ان گزرگاہوں سے پانی کی نکاسی کی رفتار اور گنجائش دونوں کم ہونے کے باعث پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہوجاتا ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں کچرا پھینکنے اور جلانے کے ذمے داروں اور گاڑیوں کو ڈرائیور زسمیت تھانے میں بند کریں۔

انھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مخصوص اور مقررہ لینڈ فل سائیڈز کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر کچرا ڈالنا اور جلانا سخت منع ہے، اس سلسلے میں دفعہ144بھی نافذ ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ایسے عناصر اور اداروں کیخلاف کارروائی کی جائے جو کہ اس جرم کے مرتکب ہورہے ہیں ، روشن علی شیخ نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا نہ صرف اداروں کی بلکہ عوام اور ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔