عیسیٰ نگری ڈاکوئوں کی فائرنگ سے دکاندار ہلاک مشتعل افراد کا ہنگامہ

ایک ڈاکو کو مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا یا، ملزمان کی...


Staff Reporter August 30, 2012
عیسٰی نگری میںڈاکوئوں کی فائرنگ سے دکاندار کی ہلاکت کے بعدمشتعل افراد سڑک پر آگ لگاکر احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

عیسیٰ نگری میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے دکاندار ہلاک ہوگیا،واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ٹائروں کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا ، ہنگامہ آرائی کے بعد سوک سینٹر فلائی اوور اور غریب آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، ہنگامہ آرائی کے باعث عیسیٰ نگری کا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی، ہنگامہ آرائی کے باعث ایک شخص بھی زخمی ہوگیا، واردات کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کیا ہے، ادھر شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر باپ اور 2 بیٹوں سمیت 5 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کے علاقے عیسیٰ نگری گلی نمبر 3 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک دکاندار شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔

پی آئی بی تھانے کے تفتیشی افسر اے ایس آئی رانا اجمل نے بتایا کہ عیسیٰ نگری میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دکاندار فیصل نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ دیا جبکہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کردیا ، رانا اجمل نے بتایا کہ زخمی ڈاکو بیان دینے کے قابل نہیں۔