ایسی جمہوریت نہیں چاہیے جوعوام کو کچھ نہ دے ندیم افضل چن

طالبان فوج نے بنائے،کشمالہ، پولیس رپورٹ کے بعد قائد متحدہ کی تقریر اہم ہے، مظہر عباس


Monitoring Desk September 18, 2013
پلڈاٹ سروے عوامی رائے پر مبنی ہے،احمد بلال، ایکسپریس نیوز پر ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ کسی ایک سیاسی جماعت کا قصورنہیں۔

آمروں نے 1977ء سے پاکستان کو جنگوں میں دھکیلا، پورا ملک صومالیہ بنا ہوا ہے، ماسوائے بجلی ،گیس چوروں کے پکڑنے کے حکومتی رٹ کہیں نہیں، ایسی جمہوریت نہیں چاہیے جوعوام کوکچھ نہ دے۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام ''ٹو دی پوائنٹ'' میں شاہ زیب خانزادہ سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پوری قوم کو پاک فوج پرفخر ہے، میجرجنرل کی شہادت پرقومی اسمبلی میں بھرپورمذمت ہونی چاہیے تھی، دیکھنا یہ ہے کہ طالبان سے مذاکرات کب شروع ہونگے اورکب نتائج نکلیں گے۔ کراچی میں ابھی تک کوئی دہشت گرد نہیں پکڑا گیا۔ سابق رکن قومی اسمبلی کشمالہ طارق نے کہاکہ سپاہی ہو یا جرنیل، انکی شہادت تکلیف دہ ہے۔ ہمارے سیکیورٹی اداروں اور ایجنسیوں میں لیکج ہے، ریاستی غلطیاں ہوئیں، طالبان ہماری فوج نے بنائے تھے۔



دفاعی وخارجہ پالیسی پارلیمینٹ میں کبھی زیربحث نہیں آئی، پالیسیاں بن رہی ہیں، میرا خیال ہے کہ دسمبر تک حالات بہتر ہو جائیں گے۔ سینئرصحافی مظہرعباس نے کہاکہ ایم کیوایم کے سابق رکن اسمبلی ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے وقت شبہات تھے کہ وہ بے قصور ثابت ہونگے، ان کی رہائی سے 2پولیس اہلکاروں کا قتل کیس قریبا بند ہوگیا تاہم یہ سوال باقی ہے کہ انھیں قتل کس نے کیا؟ ندیم ہاشمی پرچارج لگانے والے پولیس اہلکاروں کو پوچھا جانا چاہیے، لندن پولیس کی رپورٹ کے ایک دن بعد الطاف حسین کی تقریرکا ہونا اہم ہے۔ پلڈاٹ کے ایگزیٹو ڈائریکٹر احمد بلال محبوب نے کہا کہ ہمارا سروے عوامی رائے پر مبنی ہے، یہ ہماری ذاتی رائے نہیں، دہشت گردی کے حوالے سے لوگوں کی منفی رائے ہے، کرپشن کے حوالے سے حکومت کی ریٹنگ کم ہے۔ ہمارے سروے پر تنقیدصحت مندانہ بات ہے۔