پیپلزپارٹی کوگراس روٹ لیول پرمنظم کریں گے آصف زرداری

قائدین اورکارکنوں کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیزجمہوریت کے راستے پرگامزن ہے، سابق صدر آصف علی زردری


Numainda Express September 18, 2013
قائدین اورکارکنوں کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیزجمہوریت کے راستے پرگامزن ہے، سابق صدر آصف علی زردری فوٹو: فائل

سابق صدرآصف زرداری سے پی پی خیبرپختونخوا کے سابق صوبائی صدر سینیٹر سردار علی نے کراچی میں ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال ،امن و امان اور پارٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،اس موقع پرسابق صدرزرداری نے کہاکہ پی پی کوگراس روٹ لیول سے منظم کرنے کے لیے قائدین،پارٹی کارکنوں اور تنظیمی عہدیداروں سے صلاح مشورہ کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ قائدین اورکارکنوں کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیزجمہوریت کے راستے پرگامزن ہے۔

پاکستان کودنیا کی جمہوری اقوام میں باوقاراورفلاحی ریاست بنانے کے لیے قائداعظم کے فرمان کے مطابق اورقائد عوام ذوالفقارعلی بھٹواورقائد جمہوریت بینظیربھٹوکے نظریاتی ویژن کے مطابق پیپلز پارٹی سیاسی،جمہوری اورآئینی جدوجہدجاری رکھے گی اورجمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپورکرداراداکریگی۔