اسٹاک مارکیٹ میں مندی انڈیکس کی 5 حدیں گر گئیں ڈالر تنزلی کا شکار

مزید 65 ارب 74 کروڑروپے سے زائد ڈوب گئے، پاک بھارت کشیدگی، امریکا چین تجارتی جنگ مندی کی وجوہ قرار


Staff Reporter August 06, 2019
ڈالر کے ریٹ انٹربینک میں 51 پیسے کم ہو کر 158.93، اوپن کرنسی مارکیٹ میں 60 پیسے کی کمی سے 158 روپے 90 پیسے رہے ۔فوٹو: فائل

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ سے عالمی مارکیٹوں میں رونماہونے والی مندی اور پاک بھارت کشیدگی میں شدت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی مندی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 31600، 31500، 31400، 31300 اور 31200 پوائنٹس کی 5 حدیں بیک وقت گرگئیں۔

اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے سبب 72.29 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 65 ارب 74 کروڑ 15 لاکھ 99 ہزار 659 روپے ڈوب گئے۔ دوسری جانب پیر کو بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدرکوتنزلی کا سامناکرناپڑا۔

انٹربینک مارکیٹ میں پیر کوڈالر کی قدر ایک موقع پرگھٹ کر158 روپے 47 پیسے کی سطح پر آگئی تاہم کاروبارکے اختتام پرڈالر کے انٹربینک ریٹ51پیسے کی کمی سے158روپے93پیسے رہے۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر60پیسے کی کمی سے158روپے90پیسے رہی۔