وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سعودی ولی عہد کو فون

ویب ڈیسک  بدھ 7 اگست 2019
دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال اور اس سلسلے میں ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو:فائل

دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال اور اس سلسلے میں ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو فون کرکے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو فون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال اور اس سلسلے میں ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کرکے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔