شیریں مزاری کا پریانکا چوپڑا کو خیرسگالی سفیر سے ہٹانے کیلئے اقوام متحدہ کو خط

ویب ڈیسک  بدھ 21 اگست 2019
بھارتی اداکارہ ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کر حمایت کررہی ہے، وزیر برائے انسانی حقوق فوٹوفائل

بھارتی اداکارہ ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کر حمایت کررہی ہے، وزیر برائے انسانی حقوق فوٹوفائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا ایچ فور کو بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو خیرسگالی سفیر کے عہدے سے ہٹانے کے لیے باضابطہ خط ارسال کر دیا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نےپریانکا چوپڑا کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے اٹھاتے ہوئے یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فور کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ یونیسیف نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امن کا سفیر مقرر کررکھا ہے، تاہم امن کی نام نہاد سفیر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی آر ایس ایس کی طرح جنگی جنون میں مبتلا نکلیں۔ اہل کشمیر کی نسل کشی نے مقبوضہ کشمیر میں بحرانی کیفیت کو جنم دیا، قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنیں استعمال کررہی ہیں اور بھارتی اداکارہ ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کر حمایت کررہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ارمینا خان کا پریانکا چوپڑا کو خیرسگالی سفیر سے ہٹانے کا مطالبہ

خط کے مطابق بھارتی اداکارہ نے ہندوستانی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی جوہری حملے کی دھمکی کی بھی تائید کی، بھارتی اداکارہ کا بطور امن کی سفیر رویہ خود امن کے خلاف ہے، امن کی نام نہاد سفیر کی جانب سے جنگ کی تائید اقوام متحدہ کی جانب سے دیے گئے منصب کے خلاف ہے، جنگی جنون میں مبتلا اس خاتون کو “امن کی سفیر” کے منصب سے معزول نہ کیا گیا تو یہ منصب جگ ہنسائی کا نشانہ بن جائے گا۔ لہٰذا آپ سے التماس ہے کہ بھارتی اداکارہ سے یونیسیف کی خیرسگالی سفیر کامنصب فوری واپس لیا جائے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پریانکا حب الوطنی کے لبادے میں نسل پرستی کو ہوا دے رہی ہیں

واضح رہے کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے چند روز قبل ایک امریکی نژاد پاکستانی خاتون کو اس وقت چپ کرادیاتھا جب اس نے پریانکاسے امن کی سفیر ہونے کے باوجود جنگ کی تائید کرنے کے حوالے سے جواب طلب کیا تھا۔

جس پر پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے بھی چند روز قبل یونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کو خط لکھ کر پریانکا چوپڑا کو خیرسگالی سفیر کے عہدے سے سبکدوش کرنے کا مطالبہ کیاتھا جب کہ اداکارہ مہوش حیات نے بھی پریانکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکارہ حب الوطنی کے لبادے میں نسل پرستی کو ہوا دے رہی ہیں جب کہ فنکاروں اور فلاحی کام کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو متحد رہ کر کام کرنے کا مشورہ دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔