پی سی بی نیا ڈومیسٹک نظام؛ 6 صوبائی ٹیموں کی سلیکشن پر مشاورت

محمد یوسف انجم  جمعرات 22 اگست 2019
پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک نظام میں محکمہ جاتی ٹیموں کا کردار ختم کردیا گیا ہے فوٹو: فائل

پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک نظام میں محکمہ جاتی ٹیموں کا کردار ختم کردیا گیا ہے فوٹو: فائل

 لاہور: پی سی بی کے نئے آئین کے نفاذ کے بعد 6 صوبائی ٹیموں کے انتخاب کےلیے تین رکنی پینل کا اجلاس آج ہورہا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک ڈھانچے کو باقاعدہ طورپر متعارف کروانے کے بعد دوسرے مرحلے میں ٹیموں کا اعلان چند روز میں متوقع ہے۔ پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک نظام میں محکمہ جاتی ٹیموں کا کردار ختم کردیا گیا ہے، ان کی جگہ اب بلوچستان، سینٹرل پنجاب، خیبر پختون خوا، نادرن ایریا، سندھ اور سدرن پنجاب ٹیمیں کھیلیں گی۔ گریڈون اور گریڈ ٹو طرز پر ہر صوبائی ٹیم کے لیے 16،16 کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا، اس طرح مجموعی طورپر 192 کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دینا ہوگی۔

سابق سلیکٹرز توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی،وسیم حیدر کے ساتھ جونیئر سلیکٹرز سلیم جعفر،ارشد خان، راوافتخار،توفیق عمرکی طرف سے مجوزہ کھلاڑی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔ اکرم رضا،اعظم خان، اعجاز احمد جونیئر اور راج ہنس نے بھی اس میں کردار ادا کیاہے۔ راشد لطیف ، مصباح الحق اور ندیم خان پر مشتمل 3 رکنی پینل اب اس لسٹ کا جائزہ لے گا اور اگر ضروری ہوا تو وہ اس میں نئے نام بھی شامل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ پینل ارکان صوبائی ٹیموں کے کپتانوں کےناموں کی بھی سفارش کرکے حتمی فہرست چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے حوالے کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔