ایشز سیریز شرابی پنیسر سلیکٹرز کو مطمئن کرکے ٹیم میں آگئے

زمبابوے میں پیدا ہونے والے بیلنس،اسٹوکس اوررینکن بھی انگلش اسکواڈمیں شامل


AFP/Sports Desk September 24, 2013
سلیکٹرز نے آف اسپنر مونٹی پنیسر کو بطورگریم سوان بیک اپ منتخب کرلیا۔فوٹو:فائل

انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف جوابی ایشز سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

شرابی مونٹی پنیسر سلیکٹرز کو مطمئن کرکے واپس لوٹ آئے، زمبابوے میں پیدا ہونے والے گیری بیلنس، بین اسٹوکس اور آئرلینڈ کے سابق سیمر بوائیڈ رینکن کو بھی منتخب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سلیکٹرز نے آف اسپنر مونٹی پنیسر کو بطورگریم سوان بیک اپ منتخب کیا، وہ تنازعات سے بھرپور موسم گرما گزارنے کے بعد اعتماد جیتنے میں سرخرو ہوئے، انھیں شراب پی کر باؤنسرز پر پیشاب کرنے کی شرمناک حرکت پر سسیکس نے فارغ کردیا تھا جس کے بعد وہ لون پر ایسیکس میں شامل ہوئے، جہاں انھوں نے 5 کاؤنٹی چیمپئن میچز میں 12 وکٹیں لیں۔

ایسیکس نے انگلش سلیکٹرز کو یقین دلایا کہ مونٹی پنیسر کا رویہ کافی بہتر ہوگیا جس پر انھیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ گیری بیلنس زمبابوے میں پیدا ہوئے۔



وہ یارکشائر کی جانب سے کھیلتے ہیں، انھوں نے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا جس میں دوسری بال پر صفر پر آؤٹ ہوئے، مگر سیزن میں لیفٹ ہینڈر کی جارحانہ مڈل آرڈر بیٹنگ نے انھیں ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ دلائی۔ آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں 8 ویں نمبر پر بیٹنگ کی، پلیئنگ الیون میں شمولیت کی صورت میں وہ 6 نمبر پر بیٹنگ کے مضبوط دعویدار ہوسکتے ہیں۔

کرس ٹریملٹ کو بھی واپس طلب کیا گیا جبکہ اسٹیون فن کے ساتھ بوائیڈ رینکن بھی اعتماد پانے میں کامیاب رہے، بطور میٹ پرائر کور اپ جونی بیئر اسٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ انگلینڈ نے حال ہی میں اپنی سرزمین پر ایشز سیریز 3-0 سے جیتی اب اس کی نگاہیں مسلسل چوتھی ٹرافی پر مرکوز ہیں، ٹیم 25 اکتوبر کو پرتھ پہنچے گی جبکہ پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان الیسٹر کک، جوئے روٹ، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن، ای ین بیل، جونی بیئر اسٹو، میٹ پرائر، اسٹورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن، اسٹیون فن، بوائیڈ رینکن، بین اسٹوکس، مونٹی پنیسر، مائیکل کیربیری، گیری بیلنس اور کرس ٹریملٹ شامل ہیں۔