پین پیسفک ٹینس ایونٹ شیوانے اور ہنچووا پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں

پیٹراکیوٹوا، لوسیا سفارووا اور اینجلیک کیربر نے پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے


AFP/Sports Desk September 24, 2013
ٹوکیو: پین پیسفک ٹینس میں اطالوی کھلاڑی فلاویا پنیٹا سلواکین حریف ڈنیلا ہنچووا کیخلاف پہلے رائونڈ میچ میں ریٹرن شاٹ کھیل رہی ہیں،فوٹو: اے ایف پی

پین پیسفک ویمنز ٹینس اوپن ٹورنامنٹ میں پیٹراکیوٹوا، لوسیا سفارووا اور اینجلیک کیربر نے پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے، فرانسسکا شیوانے اور ڈنیلا ہنچووا پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں۔

چین میں شروع ہونے والے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں ٹاپ سیڈ بوجانا جونواسکی نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا، 6سیڈ کیرولینا پلسکووا کے قدم ابتدا ہی میں لڑکھڑاگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سیکنڈ راؤنڈ میچز میں 7 سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے سوئس حریف بیلنڈا بینسک کو 7-5 اور 6-4 سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی پالی، اطالوی پلیئر روبریٹا ونسی کو لوسیا سفارووا کے ہاتھوں 7-5 اور 6-4 سے شکست ہوئی،5 سیڈ اینجلیک کیربر نے اسپینش حریف ماریا ٹریسا ٹورو فلور کو 6-0 اور6-1 سے قابو کرتے ہوئے راؤنڈ16 میں جگہ بنائی، اس سے قبل فرسٹ راؤنڈ کے میچز میں 11 سیڈ سربیا کی ایناایوانووک نے جرمن حریف اینیکا بیک کو 6-1 اور 6-1 سے زیر کیا۔

جاپانی پلیئر آیومی موریٹا نے انگلش پلیئر لیورا رابسن کو 7-6(7-4) اور6-3 سے قابو کیا، فلاویا پنیٹا نے سلواکین حریف ڈنیلا ہنچووا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3،6-3 سے پچھاڑ دیا، الیکسینڈرا ووزینک نے فرانسسکا شیوانے کو 2-6 ،6-4 اور6-2 سے مات دی،اناستاسیا روڈینووا کی ہمت کیمیکو ڈیٹ کروم کیخلاف 6-2 اور 4-1 کے اسکور پر جواب دے گئی۔



وارویرا لپچنکو کو میزبان میساکی ڈوئی نے 6-7(3/7)،6-0 اور 7-5 سے ہرادیا، کیسی ڈیلوکا نے فرنچ پلیئر کرسٹیان میلڈینووک کی کہانی 7-5 اور 6-1 سے ختم کردی، ایوگینے بوچارڈ نے پیراگوئے کی مونیکا پیوگ کیخلاف 6-0 اور6-4 سے فتح پائی،پینگ شوئی نے جاپانی حریف ریسا اوزاکی کو 6-2 اور6-1 سے زیر کیا۔

دوسری جانب چین کے شہر نگبو میں شروع ہونے والے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں ٹاپ سیڈ بوجانا جونواسکی نے ورجینی روزانو کو 6-3 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا، جمہوریہ چیک کی 6 سیڈ کیرولینا پلسکووا کو ابتدا ہی میں سلواکین پلیئر اینا شیمی ڈولوا کے ہاتھوں 6-3،6-3 سے شکست ہوگئی،کروشیا کی پیٹرا مارٹک کو سوئیڈش کھلاڑی جوہانا لارسن نے 3-6، 6-4 اور6-2 سے مات دی، اسپین کی انابیل میڈینا گوریجس نے چینی حریف ژانگ یوژان کو 6-3 اور6-2 سے ہرایا۔دوسری جانب تھائی لینڈ اوپن کے ابتدائی مقابلوں میں 7 سیڈ جارکونمینن کو نیدرلینڈز کے اگور سیجسلنگ نے 6-3، 7-6(7/2) سے شکست دے دی، 6 سیڈ فلکیانو لوپز نے دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیا،انھوں نے سربیا کے لیسلو جیری کیخلاف 6-3 اور6-3 سے فتح پائی،ڈچ پلیئر روبن ہیس نے ڈینئیل جیمینو ٹریور کو 6-2 اور6-4 سے قابو کرلیا۔