سانحہ پشاور پر ازخود نوٹس لینے کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست

قومی المیہ ہے، دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی ہوئی، کراچی رجسٹری میں موقف


Staff Reporter September 25, 2013
مذہبی عبادت گاہوں کو محفوظ بنانے کیلیے تحقیقات یقینی بنائی جائے، استدعا ۔ فوٹو: فائل

IRVING: پشاور میں گرجا گھر پر حملے اور اس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیق کیلیے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے ازخود نوٹس لینے کیلیے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی۔

منگل کو جسٹس کلب کے صدر ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیارکیاہے کہ یہ قومی المیہ ہے جس میں ایک تاریخی گرجا گھر میں دہشت گردی کی گئی، مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے 81 شہری جاں بحق ہوگئے ،120سے زیادہ زخمی ہوئے ،اس سے پاکستان کی دنیابھر میں رسوائی ہوئی ہے۔



رائے عامہ نے اسے براہ راست پاکستان پر حملہ قراردیاہے،ملک بھر میں اس واقعے پراحتجاج کیا گیا ہے، ریلیاں ، جلسے اور جلوس نکالے گئے ،اس لیے ضروری ہے کہ اس حادثے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ آئندہ گرجا گھر، مندر،گردوارے اورمساجد کومحفوظ بنایا جاسکے ۔