بھارت كا دہشت و وحشت پر مبنی چہرہ دنیا كے سامنے بے نقاب ہوگیا، گورنر بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعـء 30 اگست 2019
كشمیری بھائیوں کے ساتھ آج بھرپور یكجہتی كا اظہاركیا جائے گا، امان اللہ یاسین زئی ۔ فوٹو : فائل

كشمیری بھائیوں کے ساتھ آج بھرپور یكجہتی كا اظہاركیا جائے گا، امان اللہ یاسین زئی ۔ فوٹو : فائل

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے كہا ہے كہ بھارت نے لاكھوں كشمیریوں كو پچھلے 24 دنوں سے اپنی ہی سرزمین پر قید كرركھا ہے اور ان كی جدوجہد كو روكنے كیلئے نہتے اور بے گناہ كشمیروں  پر ہر قسم كے مظالم ڈھائے جارہے ہیں اس لئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یكجہتی كا اظہاركیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں گورنر بلوچستان نے كہا كہ پاكستان نہتے كشمیریوں كی اس جدوجہد كی مكمل حمایت كرتا ہے اور پاكستان كا موقف پوری دنیا پر واضح ہے كہ اقوام متحدہ كی قراردادروں  كی روشنی میں مقبوضہ كشمیر كے عوام كو حق خودارادیت دیا جائے تا كہ وہ اپنی قسمت كا خود فیصلہ كرسكیں۔

انہوں نے كہا كہ بھارت كا دہشت و وحشت پر مبنی چہرہ پوری دنیا كے سامنے بے نقاب ہوگیا، قومی سطح پر كشمیریوں  كے ساتھ یک جہتی منانے كا مقصد بھی یہی ہے كہ دنیا كی توجہ كشمیری عوام كے ساتھ ہونے والے مظالم كی جانب دلائی جائے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ بھارت نے تمام عالمی قوانین اور انسانی اقدار كی خلاف ورزی كركے پورے خطے كے امن كو سنگین صورتحال سے دوچار كردیاہے، گورنربلوچستان نے عوام پر زوردیا كہ وہ اپنے كشمیری بھائیوں كے ساتھ بھرپور یک جہتی كا اظہار كریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔