کیا مسلمانوں پر مظالم کے وقت عالمی برادری کی انسانیت دم توڑ جاتی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 5 ستمبر 2019
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کیوں خاموش ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کیوں خاموش ہے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے ہیں پھر بھی اس  پر عالمی دنیا خاموش کیوں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی بھارتی فورسزکا مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کا  32 واں دن ہے، اس محاصرے کی آڑ میں پیلٹ گنوں سے بھارتی فورسز نے کشمیری مردوں ، خواتین اور بچوں کو گولیاں مار کر شہید اور زخمی کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری مردوں کوحراست میں لے کر بھارتی جیلوں میں پھینکا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے، مقبوضہ وادی میں مواصلاتی بلیک آوٹ کے باعث کشمیری اپنی اہل خانہ اور بیرونی دنیا سے کٹے ہوئے ہیں، تمام پابندیوں کے باوجود مظالم کی داستانیں عالمی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی دنیا کے سامنے ہے، دنیا بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش کیوں ہے، کیا مسلمانوں پر مظالم کے وقت عالمی برادری کی انسانیت دم توڑ جاتی ہے، عالمی برادری اس رویے سےدنیا کے 1 ارب 30 کروڑ مسلمانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔