سعودی حکومت نے دوبارہ عمرے  پر 2 ہزار ریال فیس ختم کردی

ویب ڈیسک  بدھ 11 ستمبر 2019
شرط  ختم ہونے پرعمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاویز کرجائے گی، وفاقی وزیرمذہبی امور۔ فوٹو:فائل

شرط ختم ہونے پرعمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاویز کرجائے گی، وفاقی وزیرمذہبی امور۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سعودی حکومت کی جانب سے دوبارہ عمرہ کرنے والے معتمرین پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے دوسری بار عمرہ کرنے والے معتمرین پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی وزارت مذہبی امور کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: دوسری بار عمرہ کرنے والوں پر دو ہزار ریال ٹیکس عائد

دوبارہ عمرہ  کی ادائیگی  پر لاگو فیس ختم کرنے کے سعودی حکومت کے فیصلے کی تصدیق اور خیر مقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزارت مذہبی امور کی کاوشیں رنگ لے آئیں، سعودی حکومت کی جانب سے دوبارہ عمرہ پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان خوش آئندہ ہے، اس اقدام سے پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سال عمرہ ادائیگی کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے اور ہر سال تقریبا 16 لاکھ پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں، امید ہے اس شرط  کے ختم ہونے پرعمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاویز کرجائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے سال میں دوسری بار عمرہ کرنے والے معتمرین پر فی کس دو ہزار ریال ٹیکس عائد کیا تھا، اور نئی عمرہ پالیسی کے فوری نفاذ کے باعث عمرہ ویزوں کی منظوری بھی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے یکم محرم سے عمرہ زائرین سعودی عرب نہیں جا سکے  کیونکہ پیکیج کے بغیر عمرہ ویزا دینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔