ڈی آر ایس ، آسٹریلیا کیلیے بھیانک خواب بن گیا

اے ایف پی  پير 16 ستمبر 2019
مہمان کپتان ٹم پین سے 2 مرتبہ بھول ہوگئی ، اہم وکٹیں نہیں مل پائیں

مہمان کپتان ٹم پین سے 2 مرتبہ بھول ہوگئی ، اہم وکٹیں نہیں مل پائیں

 لندن:  آسٹریلیا کے لیے ڈی آرایس بھیانک خواب بن کر رہ گیا۔

اوول ٹیسٹ میں بھی کینگرو کپتان ٹم پین 2 مرتبہ فیصلے کی غلطی کے باعث اہم وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ جوئے ڈینلی 54 رنز پر تھے جب انھیں مچل مارش کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونا چاہیے تھا مگر پین نے ناٹ آؤٹ فیصلے کے خلاف ریویو نہیں لیا بعد ازاں ڈینلی نے 94 رنز بنائے، اسی طرح جوز بٹلر کے خلاف ناتھن لیون کی گیند پر انھوں نے ایل بی ڈبلیو کیلیے ریویو نہیں لیا جبکہ ری پلیز میں گیند مڈل اسٹمپ کو ہٹ کرتے ہوئے دکھائی دے رہی تھی۔

اس طرح 19 رنز پر موقع پانے والے بٹلر نے 47 رنز بنائے۔ ٹم پین نے تسلیم کیا کہ ڈی آر ایس ان کیلیے بھیانک خواب بن کر رہ گیاہے۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھ سے غلطی ہوئی ہے، اس کے سوا اور میں کیا کرسکتا ہوں، ہم اس کے استعمال میں غلط ثابت ہوئے ہیں، ویسے بھی کم وقت میں فیصلہ کرنا ایک مشکل کام ہے، اسی سے میں نے جانا ہے کہ امپائر کتنا مشکل کام کرتے ہیں، میری ان کیلیے عزت بڑھ گئی ہے۔

جب ٹم پین سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی اس خامی پر قابو پانے کیلیے کیا کرنا چاہیں گے، تو انھوں نے ازرائے مذاق کہا کہ میں آسٹریلیا واپس جانے کے بعد کسی ’امپائرنگ اسکول‘ میں داخلہ لوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔