کراچی اسٹاک مارکیٹ ٹیلی کام سیمنٹ اوربینکنگ سیکٹرمیں خریداری 102پوائنٹس ریکور

61 فیصدشیئرپرائسز بڑھ گئیں،مارکیٹ سرمائے میں 24 ارب79 کروڑ روپے کا اضافہ


Business Reporter August 31, 2012
61 فیصدشیئرپرائسز بڑھ گئیں،مارکیٹ سرمائے میں 24 ارب79 کروڑ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم10فیصدزائد،22 کروڑ37 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو: فائل

ٹیلی کام سیکٹر میں نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے کے علاوہ سیمنٹ سیکٹراور بعض بینکوں میں سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ مندی کے بعدجمعرات کو دوبارہ تیزی کی لہر رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی15200 کی حد دوبارہ بحال ہو گئی، تیزی کے سبب61 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں24 ارب79 کروڑ80 لاکھ38 ہزار595 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

بدھ کو ٹیلی کام سیکٹر میں رونما ہونیوالی مندی سے غیرملکیوں، انسٹی ٹیوشنز سمیت انفرادی سرمایہ کاروں نے بھرپوراستفادہ کیا جنہوں نے جمعرات کو ایک کثیر قومی فوڈ کمپنی کے علاوہ ٹیلی کام سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی اور اس کے نتیجے میں مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہوا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر44 لاکھ79 ہزار267 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا۔

لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ غیرملکیوں کی جانب سے37 لاکھ67 ہزار39 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے ایک لاکھ94 ہزار753 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے2 لاکھ45 ہزار163 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے2 لاکھ72 ہزار312 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 102.40 پوائنٹس کے اضافے سے 15253.71 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 79.87 پوائنٹس کے اضافے سے13070.42 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 216.79 پوائنٹس کے اضافے سے27003.63 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 9.85 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر22 کروڑ37 لاکھ22 ہزار720 حصص کے سودے ہوئے۔

جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار325 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں198 کے بھائو میں اضافہ، 101 کے داموں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھائو92.99 روپے بڑھ کر 3977.99 روپے اور باٹا پاکستان کے بھائو50.38 روپے بڑھ کر 1058.11 روپے ہو گئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھائو50 روپے کم ہوکر 960 روپے اور زل لمیٹڈ کے بھائو5.27 روپے کم ہوکر103 روپے ہوگئے۔