وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

ویب ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2019
وزیراعظم نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی مذمت بھی کی - فوٹو: فائل

وزیراعظم نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی مذمت بھی کی - فوٹو: فائل

جدہ: وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز بھی موجود تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی مذمت کی اور سعودی ولی عہد کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں جدہ کے رائل ٹرمینل پر گورنر مکہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ اورمعاون خصوصی سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری بھی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں شرکت سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے سعودی عرب کے دورے سے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم دورے کے دوران  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس  میں  پانچ اگست کے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر گفتگو ہوگی۔۔

یہ خبر بھی پڑھیں: قائد اعظم نے جو کہا تھا وہ مودی کے اقدامات سے درست ثابت ہوچکا، عمران خان

واضح رہے کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے بارے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔