کروڑوں کی عدم ادائیگی پرحیدرآبادکوٹری میرپورخاص نوابشاہ شہداد پور ٹنڈو آدم اور دیگر ریلوے اسٹیشنز ?

حیسکو کے نجی و سرکاری اداروںکے ذمے مجموعی طور پر 42 ارب 94 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے کے واجبات ہیں، ترجمان


Numainda Express August 31, 2012
حیسکو کے نجی و سرکاری اداروںکے ذمے مجموعی طور پر 42 ارب 94 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے کے واجبات ہیں، ترجمان، فوٹو : فائل

حیسکو نے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر حیدرآباد سمیت 12 اضلاع میں مختلف ریلوے اسٹیشنز اور سرکاری اداروں کے 250 سے زائد بجلی کنکشن منقطع کر دیے ۔ حیسکو ترجمان کے مطابق46 لاکھ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر حیدرآباد ریلوے اسٹیشن اور ریلوے کالونی کے 2کنکشن منقطع کر دیے گئے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے مجموعی طور پر 3 کنکشن ہیں۔ علاوہ ازیںکوٹری، میرپورخاص، ڈگری، نوابشاہ، شہداد پور، ٹنڈو آدم، اڈیرو لال، لونڈو، اللہ ڈنو خان ریلوے اسٹیشنز کی بجلی بھی کاٹ دی گئی ہے ۔

ان میں پاکستان ریلوے ویگن اسمبلی پر 12لاکھ 37 ہزار روپے، میرپورخاص ریلوے پر 75 لاکھ کے واجبات ہیں۔ نوابشاہ میں ریلوے کے مختلف کنکشنز پر مجموعی طور پر45 لاکھ 87 ہزار روپے کے واجبات ہیں۔ کوٹری میں ریلوے کے4 کنکشنز پر82 لاکھ 11 ہزار روپے واجبات ہیں۔ قاضی احمد سب ڈویژن میں اسٹریٹ لائٹس کے کنکشن بھیکاٹ دیے گئے ہیںجن پر33 لاکھ کے واجبات ہیں۔ اس کے علاوہ42 لاکھ کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 12ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمر اتار لیے گئے۔ حیدرآباد میں رینجرز کے3 کنکشنز پر 37 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر ہیڈ کوارٹر تھر رینجرز، تھر رینجرز حالی روڈ اور پاکستان رینجرز ٹریننگ سینٹر جبکہ بورڈ اسٹیڈیم کی بجلی25 لاکھ48 ہزار روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر منقطع کر دی گئی ہے۔

6کروڑ،18 لاکھ سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر لیاقت میڈیکل کالج کالونی کے3 کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔ ڈگری میں مجموعی طور پر53 لاکھ 56 ہزار810 روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر ریلوے اسٹیشن ڈگری کے علاوہ نادرا آفس، نادرا سافٹ ویئر سینٹر کنری اوء دیگر کی بجلی کاٹی گئی ہے ۔ سیہون میں محکمہ موسمیات کے مائیکرو ویو اسٹیشن اور ایک بینک، تھانہ بولا خان کی بجلی 2 لاکھ کی عدم ادائیگی پر منقطع کر دی گئی ہے۔ بدین میں ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد کے واجبات پر محکمہ انکم ٹیکس اور 26 ہزار کی عدم ادائیگی پر معذور افراد کے تربیتی مرکز کی بجلی کاٹ دی گئی۔

اسی طرح، نوابشاہ، تلہار، ٹنڈو باگو اور دیگر علاقوں میں عدم ادائیگی پر سرکاری دفاتر بشمول انکم ٹیکس دفاتر، سوئی سدرن گیس و دیگر کے کنکشن بھی عدم ادائیگی کے باعث منقطع کر دیے گئے ہیں۔ حیسکو ترجمان کے مطابق ریجن کے 12 اضلاع میں نادہند صارفین سے واجبات کی وصولی مہم جاری ہے۔ جو صارف بجلی کے واجبات ادا نہیں کرے گا، اس کا نہ صرف کنکشن منقطع کیا جائیگا، بلکہ اس کے خلاف بجلی چوری کی ایف آئی آر بھی درج کروائی جائیگی۔ واضح رہے کہ حیسکو کے نجی و سرکاری صارفین پر 42 ارب 94 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے کے واجبات ہیں جس میں نجی صارفین پر 13 ارب 77 کروڑ سے زائد، صوبائی اداروں پر 27 ارب سے زائد اور وفاقی اداروں پر ایک ایک ارب 17 کروڑ سے زائد کے بقایا جات ہیں۔