امن تباہ کرنیوالے حکومتی صفوں میں موجود ہیںثروت اعجاز

عوام حکومتی یقین دہانیوں کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظت کا انتظام کریں


Staff Reporter August 31, 2012
عوام حکومتی یقین دہانیوں کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظت کا انتظام کریں۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی کا امن تباہ کرنیوالے حکومتی صفوں میں موجود ہیں، قانون نافذ کرنیوالے ادارے سیاسی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں، سیاسی چنگل سے قانون نافذ کرنیوالوں کی آزادی کے بغیر امن کی کوششیں سبوتاژ ہوتی رہیں گی۔

حکومتی کور کمیٹی بتائے کہ عوام کے تحفظ اور سیاسی و مذہبی کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے کیا گیا ہے، حکومت امن قائم کرنے میں ناکام اور دہشتگردوں سے خوفزدہ ہے، حکومتی جماعت کی کراچی میں سرگرمیاں محدود کرنا یہ غمازی کرتا ہے کہ دہشتگرد حکومت سے زیادہ پاور فُل ہیں، عوام اب حکومت کی یقین دہانیوں پر کان دھرنے کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی جان ومال کی حفاظت کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنت پر شہیدوں کے لواحقین سے ملاقات میں کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ شہیدوں کا لہو ضرور رنگ لائے گا، قاتل دنیا کے قانون سے تو بچ سکتے ہیں مگر اللہ عزوجل کے عذاب سے کسی صورت نہیں بچ سکتے، انھوں نے کہا کہ سیکولر ازم اور جنونی انتہا پسند قوتیں بیرونی ایجنڈے پر کراچی سمیت ملک بھر میں دہشتگردی کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوںنے پورے دورِ اقتدار میں عوام کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ جس دن حکمرانوں کی مصلحت پسند ی ختم ہوگی کراچی کی روشنیاں بحال اور دہشتگردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔