حکمرانوں نے نااہلی اور بدانتظامی کی نئی تاریخ رقم کیمحنتی

جو شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم نہ کرسکے اسے حکومت کرنے کا حق نہیں


Staff Reporter August 31, 2012
جو شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم نہ کرسکے اسے حکومت کرنے کا حق نہیں، فوٹو : فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے شہر میں ایک بار پھر قتل وغارت گری اور ہنگامہ آرائی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے نااہلی، ناکامی اور بدانتظامی کی نئی تاریخ رقم کی ہے، صوبے کی اتحادی حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، کسی کی جان ومال، عزت آبرو محفوظ نہیں، معصوم شہریوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے، 15سے20 افراد کی ہلاکتیں معمول بن گئی ہیں، دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ناک کے نیچے آگ اور خون کا کھیل کھیل رہے ہیں اور کوئی انھیں پوچھنے والا نہیں۔

انھوں نے کہاکہ اس صورتحال پر جماعت اسلامی نے وزیراعلی سندھ سے بھی ملاقات کی اور امن وامان کے قیام کیلیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کو شہر کے امن سے کوئی سروکار نہیں، مفاہمت کے نام پر دہشتگردوں کو حکومت میں شامل کرلیا گیا ہے اور یہ دہشتگرد کھلے عام شہر میں قتل وغارت گری کا بازار گرم کررہے ہیں، شہر میں بدامنی کی براہ راست ذمے داری پیپلز پارٹی متحدہ قومی موومنٹ اور اے این پی پر عائد ہوتی ہے، جو حکومت شہریوں کے جان ومال عزت وآبرو کو تحفظ فراہم نہ کرسکے اسے حکومت کرنے کاکوئی حق نہیں، انھوںنے مطالبہ کیا کہ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید فاروقی کے قاتلوں کوگرفتار کیا جائے۔