مویشی منڈی میں ایک لاکھ35ہزار سے زائد بکروں کی آمد متوقع

175ایکڑ پر قائم کی گئی بکرا منڈی میں2 بلاک بنائے گئے، شہریوں میں اونٹ کی قربانی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔


Staff Reporter October 03, 2013
مویشی منڈی میں لائے جانے والے قربانی کے بکروں کو خریداروں کے ساتھ آنے والے بچے دیکھ رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

عیدالاضحی کی آمد سے قبل سپرہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی کے دوسرے مرحلے میں بکرا منڈی کا افتتاح کر دیا گیا۔

جہاں ملک بھر سے ہزاروں بکروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ، 175 ایکڑ پر قائم کی جانے والی بکرا منڈی میں 2 بلاک بنائے گئے ہیں جس میں ایک بلاک میں وی آئی پی ٹینٹ بھی لگائے جائیں گے ، بکرا منڈی میں ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد بکروںکی آمد متوقع ہے جبکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو سہولت پہنچانے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کیلیے قائم کی جانیوالی مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مویشی منڈی کے دوسرے مرحلے میں بکرا منڈی کا افتتاح کر دیا گیا ہے اور اب تک 8 ہزار سے زائد بکرے منڈی میں لائے جا چکے ہیں جبکہ بکروں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں اب تک 80 ہزار سے زائد قربانی کے جانور لائے جا چکے ہیں جبکہ شہریوں کی جانب سے خریداری کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے ، شہاب علی نے بتایا کہ پونے دو سو ایکڑ پر محیط بکرا منڈی میں پارکنگ ایریا ، اونٹ فروخت کرنے والا مقام اور بکروں کی فروخت کی جگہ شامل ہے۔



جبکہ بکروں کے وی آئی پی بلاک میں 30 X 60 کے پلاٹ کی قیمت 40 سے 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، سپر ہائی وے لکی سیمنٹ کے قریب کراچی لائے جانے والے جانوروں سے 50 اور 100 روپے وصول کرنے والوں کا اس مویشی منڈی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو بھی اس بارے میں شکایت کر دی گئی ہے ، شہاب علی نے بتایا کہ شہریوں میں اونٹ کی قربانی کا بھی رجحان بڑھ رہا ہے اور اونٹوں کی بھی بڑی تعداد قربانی کے لیے بکرا منڈی سے متصل پلاٹ پر لائی گئی ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں اب تک فروخت کیا جانے والے سب سے مہنگا بیل ساڑھے14 لاکھ میں فروخت ہوا ہے ، جو بھی بیوپاری اپنا جانور مویشی منڈی لایاجائے گااس کی ویکسین ہوچکی ہوگی اگر کوئی جانور مویشی منڈی پہنچ کر بیمار ہوجائے تو اس کے لیے بھی ڈاکٹرز موجود ہیں جبکہ مویشی منڈی میں کھانے کے ہوٹلوں پر تیار کیے جانے والے کھانوں کے نمونے بلدیہ کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز اپنے ہمراہ لے کر گئے ہیں تاکہ اس بات کا بھی اندازہ لگایا جائے کہ مویشی منڈی میں مضر صحت کھانا تو فروخت نہیں ہو رہا ، شہاب علی نے بتایا کہ بکرا منڈی میں ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد بکروں کی آمد متوقع ہے جبکہ گائے اور بیل کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ مزید سوا لاکھ سے زائد جانور کی آمد کا امکان ہے ، انھوں نے بتایا کہ حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے بھر پور تعاون جاری ہے جبکہ مویشی منڈی کے باہر خریداروں کی حفاظت کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔