نوازشریف نےکشکول توڑنےکے بجائےعوام کی کمرتوڑدی سیاسی ومذہبی رہنما

قوم کو سازش کے تحت آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کراقتدار کو دوام بخشا جارہا ہے۔


Numainda Express October 03, 2013
لیگی حکومت نے صرف دو ماہ میں 8 سو ارب روپے کے نئے نوٹ چھاپے۔ فوٹو: فائل

مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں اور تاجر انجمنوں کے رہنماؤں نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیکر مسترد کردیا اور کہا کہ نواز شریف نے کشکول توڑنے کے بجائے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

اضافے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ ۔ پیپلزپارٹی یوتھ ونگ حیدرآباد ڈویژن کے صدر احسان ابڑو نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے اسے مسلم لیگ کی نااہل حکومت کا عوام پر ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ نواز شریف روز اول سے مسلسل نہ صرف اپنے عوامی مینڈیٹ کی توہین اور انتخابی منشور کی بھی نفی کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ، مہنگائی ختم کرنے اور کشکول توڑنے کی دعویدار حکومت نے صرف لوڈشیڈنگ میں ہی نہیں کیا بلکہ مہنگائی میں بھی اضافہ کرکے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، نااہل حکومت نے صرف دو ماہ میں 8 سو ارب روپے کے نئے نوٹ چھاپے جوایک ریکارڈ ہے جبکہ گردشی قرضے ایک بار پھر سو ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بجلی انتہائی مہنگی ہونے کے بعد عوام اب بل جمع کرانے سے مکمل طور پر انکار کردیں گے۔ تحریک منہاج القرآن سندھ کے رہنما محمد خالد راجپوت، ڈویژنل ناظم شہزاد قریشی، ضلعی امیر یونس القادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قوم کو ریلیف دینے میں قطعی ناکام ہے اور آئے دن منی بجٹ پیش کیے جارہے ہیں، مہنگائی نے عوام سے جینے کا حَق بھی چھین لیا ہے، ایک طرف دہشت گردی سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں مفلو ج ہیں تو دوسریجانب بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے، پوری قوم کو سازش کے تحت ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر اپنے اقتدار کو دوام بخشا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ قوم مہنگائی، بے روزگاری، دہشت گردی سے نجات اور اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہو۔ انجمن تاجران سندھ حیدرآباد زون کے صدر حاجی ظہیر شیخ، مصطفٰے خان عباسی، ارشد علی و دیگر نے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔



 

انھوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ان معاملات پر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے میں ناکام ہیں۔ پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما عبدالقدیر ناغڑ نے بھی پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے غریب عوام کا خون چوسنے کے مترادف قراردیا ۔ انھوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں اوردووقت کی روٹی سے محروم ہیں،آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن پر چلنے والے وزیرخزانہ ملک و قوم کو معاشی بھنور میں دھکیل رہے ہیں ۔

انھوں نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اضافے پر پارلیمنٹ میں اپنا بھرپوراحتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومت کو اضافے کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کریں۔ جمیعت علماء اسلام ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا تاج محمد ناہیوں، جنرل سیکریٹری حافظ کالد حسن دھامرہ، حاجی عبدالمالک تالپر، مفتی حبیب اللہ، مولانا عبدالہادی بروہی و دیگر نے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کی اورکہا کہ نواز شریف کشکول توڑنے کی باتیں کرتے تھے لیکن انھوں نے عوام کی کمر توڑ دی۔ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے چوری کو روکنا چاہیے اگر مہنگائی بڑھے گی تو بیروزگاری میں اضافے کے ساتھ ملک میں جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہو گااور حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر سعید قریشی، سیکریٹری جنرل مخدوم احمد شاہ، صوبائی صدر امتیاز سعید، فقیر محمد، عابد اقبال آرائیں، اسلم جلالی نے بھی پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ غریب عوام کے لیے ناقابل برداشت قرار دیا ہے اور کہا عوام نے عام انتخابات میں سابقہ حکومت کی کرپشن، لوٹ مار اورمہنگائی سے نجات پانے کے لیے نوازشریف کو ووٹ دیے تھے لیکن موجودہ حکومت نے اپنے ابتدائی سودنوں میں ریلیف دینے کے بجائے عوام کو دہشت گردی، لوٹ ماراور عدم تحفظ اورمہنگائی کے تحفے دیے۔ انھوں نے وزیراعظم نوازشریف کی توجہ ان کے انتخابی وعدوں کی طرف مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ غریب عوام کی مشکلات کے پیش نظر پیٹرول پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں کیاجانے والا اضافہ واپس لینے کا اعلان کریں۔