جعلی ڈگری شازیہ مری کی رکنیت کیخلاف سماعت ملتوی

عبدالقیوم سومرو کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔


Staff Reporter October 05, 2013
مروت کی درخواست پر سماعت ملتوی،بندھانی کی ووٹوں کی تصدیق کیخلاف اپیل فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے پی ایس 114کے ووٹوں کی نادراسے تصدیق کے الیکشن ٹریبونل کے حکم کیخلاف دائر عرفان اللہ مروت کی درخواست کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جمعہ کو جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی درخواست گزار کے وکیل نے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی،اسی بینچ نے پیپلز پارٹی کی شازیہ مری کی قومی اسمبلی کی رکنیت کے خلاف درخواست کی سماعت وقت کی کمی کے باعث غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی شازیہ مری کے خلاف درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کی ڈگری جعلی ہے اور اس پر وہ 3 بار منتخب ہوچکی ہیں درخواست گزار کے مطابق شازیہ مری لیاری کی رہائشی خاتون شازیہ کی ڈگری استعمال کررہی ہیں۔



اسی بینچ نے سابق سینیٹر عبدالقیوم سومرو کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،عبدالقیوم سومرو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ٹیکنوکریٹ سینٹر منتخب ہوئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ قیوم سومرو ٹیکنوکریٹ کی اہلیت پر پورا نہیں اترتے جس کی سماعت کے بعد یہ نشست خالی قرار دیدی گئی تھی،سکھر سے کامیاب متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی سلیم بندھانی نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی درخواست پر انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ا پیل سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردی ہے۔