چیمپئنز لیگ فیصلہ کن معرکے میں آج راجستھان اور ممبئی کا ٹکراؤ

ہفتے کو دوسرے سیمی فائنل میں ممبئی نے ویسٹ انڈین چیمپئن ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کو 6 وکٹ سے پچھاڑ دیا


Sports Desk October 06, 2013
ممبئی کی جانب سے ففٹی بنانے والے میچ کے ہیرواسمتھ ٹی اینڈٹی کیلیے ’ولن‘ ثابت ہوئے۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کے فیصلہ کن معرکے میں اتوار کو راجستھان رائلز اور ممبئی انڈینز کا ٹکراؤ ہوگا۔

ہفتے کو دوسرے سیمی فائنل میں ممبئی نے ویسٹ انڈین چیمپئن ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کو 6 وکٹ سے پچھاڑ دیا، ڈیوائن اسمتھ ہوم ٹیم کے لیے 'ولن' ثابت ہوئے، انھیں ممبئی کیلیے نصف سنچری بنانے پر میچ کا ' ہیرو ' قرار دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق فاتح سائیڈ نے ہدف پانچ گیندیں قبل 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے اوپنر ڈیوائن اسمتھ اپنی ملکی سائیڈ کیلیے ' ولن ' ثابت ہوئے، انھوں نے بھارتی فرنچائز کیلیے 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل رہے، ریکارڈ ساز بیٹسمین سچن ٹنڈولکر35 رنز بنانے میں کامیاب رہے، دنیش کارتھک 33 ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔



کپتان روہت شرما 25 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، حریف اسپنر سنیل نارائن نے17رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں، ڈیوائن اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا، اس سے قبل ناکام سائیڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 153کا مجموعہ ترتیب دیا، اوپنر لینڈل سمنزکے صفر پر میدان بدر ہونے کے بعد ایون لیوس اور ڈیرن برائوو نے دوسری وکٹ کے لیے48 رنز کی شراکت بنائی،لیوس 62 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بنے جبکہ براوو کی اننگز 14 پر تمام ہوگئی، ان دونوں کے میدان بدر ہونے کے بعد یانیک اوٹلی نے میزبان بولرز کا سامنا اعتماد سے کرتے ہوئے 30 گیندوں پر41 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، پولارڈ کے ساتھ مچل جونسن، ہربھجن سنگھ ، پراگیان اوجھا اور نیل کولٹر نائل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔