نڈال نے عالمی ٹینس کی بادشاہت دوبارہ حاصل کرلی

ٹوماس بریڈیچ انجرڈ ،گیسکوئٹ ناکام،ویمنز میں سرینا ولیمزوجیلینا جینکووچ نے ٹرافی میچ میں جگہ بنالی


Sports Desk/AFP October 06, 2013
انجرڈ حریف کی دستبرداری پر ملنے والی فتح نے اسپینش اسٹار کو دوبارہ ورلڈ نمبرون پلیئر بنادیا۔ فوٹو: فائل

رافیل نڈال نے چائنا اوپن کے فائنل میں رسائی کی بدولت عالمی ٹینس کی بادشاہت دوبارہ حاصل کرلی، پیر کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں سربیا کے نووک جوکووک سے101 ہفتوں تک ٹاپ پلیئر بنے رہنے کا اعزاز چھن جائیگا۔

نڈال کے مقابل آنے والے ٹوماس بریڈیچ انجرڈ ہونے پر سیمی فائنل مکمل نہیں کرپائے، دوسرے معرکے میں جوکووک نے فرنچ حریف رچرڈ گیسکوئٹ کی پیشقدمی ختم کردی، ویمنز سنگلز میں ورلڈنمبرون سرینا ولیمز اور جیلینا جینکووچ نے ٹرافی میچ میں جگہ بنالی، سیمی فائنلز میں اگنیسکا ریڈوانسکا اور پیٹراکیوٹوا کی ہمت جواب دے گئی،دوسری جانب ٹوکیومیں جاپان اوپن کا ٹرافی میچ ٹاپ سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو اور میلوس رائونک کے درمیان ہوگا ، ایوان ڈوڈگ اور نکولس الماگرو سیمی فائنلز تک محدود رہے۔تفصیلات کے مطابق13 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن رافیل نڈال اس سے قبل جولائی 2011 میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان رہے تھے، سیکنڈ سیڈ اتوار کو چائنا اوپن کے فائنل میں نووک جوکووک سے ٹکرائیں گے، سرب اسٹار نے فرنچ حریف رچرڈ گیسکوئٹ کیخلاف 6-4 اور 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔



نڈال کے مقابل آنے والے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ انجرڈہونے سے قبل پہلے سیٹ میں2-4 کے خسارے میں تھے، بریڈیچ نے پانچویں گیم میں نڈال کی سروس بریک کی، ورلڈ نمبر5 نے میچ سے دستبرداری پر میڈیا کو بتایا کہ مجھے کمر کی انجری کا سامنا تھا، اگرچہ میں نے ٹریٹمنٹ لے کر مقابلہ مکمل کرنا چاہا لیکن ایسا نہیں کرپایا، سرب اسٹار جوکووک نے101 ہفتوں تک دنیا کے سرفہرست پلیئر بنے رہنے کا اعزاز پایا تاہم اب فائنل میں کامیابی کی صورت میں بھی وہ اپنی ٹاپ پوزیشن نہیں بچاپائیں گے، انھوں نے نڈال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اس نے بہترین پرفارم کیا لیکن ابھی سیزن تمام نہیں ہوا، میں دوبارہ نمبر ون بن سکتا ہوں۔

ہفتے کو منعقدہ ویمنز سنگلز سیمی فائنلز میں ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز نے پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا کو6-2،6-2 سے قابو کرلیا،32 سالہ سرینا تیسرے سیٹ کے چوتھے گیم میں تکلیف کے سبب میڈیکل آفیشلز سے مدد لینے پر بھی مجبور ہوئیں، وقفے کے باوجود انھوں نے ولیمز نے جیت کی لگن نہیں چھوڑی، میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مجھے بے تحاشا کھیلنے کی وجہ سے کمر میں کچھ تکلیف محسوس ہوئی، میں محض اس سے چھٹکارہ پانے کیلیے کچھ آرام چاہتی تھی، میری انجری کی نوعیت شدید نہیں ہے، فائنل میں سریناکا سامنا سربیا کی جیلینا جینکووچ سے ہوگا، جنھوں نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹواکو سخت مقابلے کے بعد6-7 (7/9) ،6-1 اور6-1 سے زیر کیا۔دوسری جانب ٹوکیو میں جاپان اوپن کا ٹرافی میچ ٹاپ سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو اور میلوس رائونک کے درمیان ہوگا،ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو نے سیمی فائنل میں اسپینش حریف نکولس الماگرو کو 7-6 (9/7) ، 7-6(7/1) سے ٹھکانے لگایا،کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 3 سیڈ میلوس رائونک نے کروشیا کے ایوان ڈوڈگ کو 7-6(7/4)،6-1 سے مات دے دی۔