میرے وزیراعلیٰ سے اختلافات چند افراد کی خواہش ہے اویس مظفر

قائم علی شاہ میرے بزرگ ہیں اختلافات کی خبریں ایک ٹی وی چینل پر دیکھ کر پتہ چلا کہ کوئی اختلاف بھی ہے،اویس مظفر


Staff Reporter October 06, 2013
ایک ٹی وی چینل بغیر تصدیق کیے اس طرح کی خبریں مسلسل نشر کر رہا ہے،صوبائی وزیر، فوٹو: فائل

صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ میرے بزرگ ہیں اختلافات کی خبریں ایک ٹی وی چینل پر دیکھ کر پتہ چلا کہ کوئی اختلاف بھی ہے ، چند سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے اس طرح کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مقصد میں ناکام ہوں گے۔

یہ بات انھوں نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا اضافی قلمدان دیا گیا تھا جسے انھوں نے واپس کردیا، میرے اور وزیراعلیٰ سندھ سے اختلافات کی خبریں چند افراد کی ذاتی خواہش تو ہوسکتی ہے لیکن حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ افسوس کہ ایک چینل بغیر تصدیق کیے اس طرح کی خبریں مسلسل نشر کر رہا ہے ۔



دریں اثنا صوبائی وزیر بلدیات نے شہر بھر میں غیر قانونی بکرا منڈیوں کے قیام کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ، پانچوں اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں قائم غیر قانونی بکرا منڈیوں کو ختم کرائیں بصورت دیگر متعلقہ حکام کو سخت نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ تمام غیر قانونی مویشی منڈیوں کو شہر کے باہر قائم مویشی منڈی منتقل کیا جائے ۔ شہر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے۔ ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ شہر کے اچانک دورے کے موقع پر کسی بھی علاقے میں کچرے کے ڈھیر پائے گئے تو متعلقہ حکام سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔